اپوزیشن جو حلقہ کہے گی کھولیں گے ،عمران خان
جمعرات 26 جولائی 2018 3:00
اسلام آباد... تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 22سال پہلے جو محنت شروع کی آج اللہ نے اس مقام پر پہنچادیا۔ مینڈیٹ ملنے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے پاکستان کا خواب پورا کرنے کا موقع ملا۔ جمہوری عمل بڑھتے دیکھ رہے ہیں۔ کرپشن سے ملک کو اوپر سے نیچے آتا ہوا دیکھا۔ ایسا پاکستان چاہتاہوں جہاں کمزورطبقے کو سہولتیں ملیں۔سیاسی مخالفین کیخلاف کسی بھی قسم کی انتقامی کارروائی نہیں ہو گی۔ دھاندلی کی شکایات کرنے والی جماعتیں جس حلقے کو کہیں گی وہی حلقے کھولے جائیں گے۔وعدہ کرتا ہوں کہ عوام کے ٹیکس کے پیسے کی حفاظت کروں گا۔نوجوانوں کو نوکریاں دینگے ۔ عام انتخابات میں واضح کامیابی کے بعدجمعرات کوبنی گالہ میں اپنی رہائش پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اللہ نے موقع فراہم کیا ہے۔ وہ اپنے خواب کو پورا کر سکیں۔پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے تاہم اب دوسرے مرحلے میں اپنے منشور پر عمل درآمد کریں گے۔انہوںنے کہا کہ خود اس ملک کو ترقی کرتا اور نیچے آتے دیکھا۔ چاہتا تھا کہ پاکستان ایسا ملک بنے جیسا قائد اعظم محمد علی جناح نے سوچا تھا۔عمران خان نے کہا کہ لوگ جمہوریت کے لئے ووٹ دینے نکلیں ہیں۔ انہیں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔تحریک انصاف کے سربراہ نے انتخابی مہم کے دوران دہشت گرد حملوں میں مارے جانے والے انتخابی امیدواروں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے جمہوریت کو مضبوط کیا، تاہم میں کامیاب الیکشن کے انعقاد پر سیکیورٹی فورسز کو بھی داد دینا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات تاریخی تھے، اس میں لوگوں نے قربانیاں دیں، اس میں دہشت گردی ہوئی، جس طرح بلوچستان میں دہشت گردی ہوئی اس کے باوجود وہاں کے عوام کی جانب سے ووٹ ڈالنے کے لئے نکلنا قابل فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ دہشت گردی کے واقعات کے باوجود انتخابی عمل مکمل ہوا۔انہوںنے کہا کہ چاہتا ہوں کہ تمام پاکستانی متحد ہوجائیں۔میں بھی اپنے خلاف ہونے والی تمام مخالفت کو بھول چکا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اب ملک میں ایک ایسی حکومت آئے گی جس میں کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اداروں کو مضبوط کرے گی۔ تمام لوگوں کے لئے مساوی قانون بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صرف اپوزیشن جماعتوں کے اراکین کا احتساب نہیں ہوگا۔ تحریک انصاف اپنے لوگوں کا بھی احتساب کرکے مثال قائم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا نظام بہتر کرکے بیرونِ ملک پاکستانیوں کو دعوت دی جائے گی کہ وہ ملک میں سرمایہ کاری کریں۔ پاکستان میں کرپشن سے یہ لوگ متحدہ عرب امارات یا دیگر ملکوں میں سرمایہ کاری کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک ملک کی پہچان یہ نہیں ہوتی کہ وہاں امیر کیسے رہتا ہے بلکہ ملک کی پہچان ایسے ہوتی ہے کہ وہاں غریب کیسے رہتا ہے۔