بیرون ملک پناہ کے طلبگار ہندوستانیوں پر وی کے سنگھ کی تنقید
نئی دہلی۔۔۔۔۔حکومت نے آج راجیہ سبھا میں کہاہے کہ بیرون ملک پناہ مانگنے والے ذاتی فائدے کیلئے ہندوستانی نظام حکومت کو بدنام کرتے ہیں جبکہ ملک کا جمہوری نظام ہر شخص کو اپنی شکایت دور کرنے کا مناسب موقع دیتا ہے۔ وزیر مملکت برائے خارجہ جنرل وی کے سنگھ نے ایوان بالا میںایک سوال کے تحریری جواب میں کہا کہ جرمنی میں تقریباً8ہزار ہندوستانیوں نے پناہ طلب کی ۔ امریکہ کی جیلوں میں بند 359لوگوں نے وہاں کی حکومت سے پناہ طلب کی۔ فن لینڈ میں ایک شخص نے پناہ کیلئے درخواست دی ۔علاوہ ازیں ڈنمارک اور برازیل میں 2،2افراد نے پناہ مانگی ہے جو جیل میں قید ہیں ۔ وزیر موصوف کے مطابق حکومت کا خیال ہے کہ پناہ مانگنے والے لوگ غیر ملکی حکومت کے پاس اس بابت درخواست کرکے ذاتی مفادات کے حصول کیلئے ہندوستانی نظام کو بدنام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک کی حیثیت سے اپنے تمام شہریوں کو قانونی طریقے سے شکایات کے ازالے کا موقع فراہم کرتا ہے۔جنرل وی کے سنگھ نے کہا کہ پناہ کی درخواست مسترد ہونے پر یہ لوگ متعلقہ ممالک میں غیر قانونی تارکین وطن بن جاتے ہیں اور وہاں کی حکومت ہندوستانی سفارتخانے اور مشن کو مطلع کرتی ہے۔