Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اب پاکستان درست سمت میں چلے گا، پی ٹی آئی ریاض

پوری دنیا میں پی ٹی آئی ورکرز عمران خان کی بھرپو رحمایت کرینگے
ریاض ( ذکاءاللہ محسن)پاکستان تحریک انصاف کی الیکشن میں کامیابی کے بعد ریاض شہر میں مقیم پی ٹی آئی ورکرز کا کہنا ہے کہ وہ پارٹی کی جیت سے نہ صرف خوش ہیں بلکہ پر امید بھی کہ اب پاکستان درست سمت میں چلے گا۔ تحریک انصاف سٹی کے انفارمیشن سیکریٹری رانا کاشف کے گھر پر ہونے والے اجلاس میں پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما ڈاکٹر ندیم بھٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جیت پاکستانی عوام کی جیت ہے اور جس طرح عوام نے عمران خان کی22 سال کی سیاسی محنت کو رائیگاں نہیں جانے دیا اسی طرح عمران خان بھی اپنے وعدوں کے مطابق پاکستان کو بہتری کی جانب لیکر جائیں گے۔جنرل سیکرٹری اظہار شمس کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جنگ کرپشن کے خلاف ہے اور اس جنگ میں اب پاکستانی عوام نے بھی ساتھ دینے کا عہد کر لیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملکی دولت کو ملک کے لئے استعمال کیا جائے۔ افغانستان اور ہند کی کرنسی پاکستانی روپے کی نسبت کہیں زیادہ مضبوط ہے۔ گزشتہ حکومت ملک کو مسائل کی دلدل میں پھنسا گئی ہے مگر ہم اچھی پالیسیوں کی بدولت ملک کو بحران سے نکال کر درست سمت کی جانب لیکر جائیں گے۔ انفارمیشن سیکرٹری رانا کاشف کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کا سفر شروع ہوچکا ہے۔ اب نوجوانوں کو ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالنے کا موقع میسر آیا ہے۔ پاکستان کو بنانے میں بھی نوجوانوں نے اپنا کردار ادا کیا تھا اب بھی نوجوان طبقہ پاکستان کی بہتری کے لئے پر عزم ہے۔ ہمیں اپنی کھوئی ہوئی شناخت کو واپس لانا ہے جو نااہل سیاستدانوں کی بدولت کھو گئی تھی۔پوری دنیا میں پی ٹی آئی کے ورکرز عمران خان کو بھرپور سپورٹ کریں گے۔ اجلاس میں گل زیب کیانی اور دیگر نے بھی پی ٹی آئی کی جیت پر خوشی کا اظہار کیا۔

شیئر: