چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ مسترد
اسلام آباد...سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سےچیف الیکشن کمشنر کے مستعفی ہونے کے بیانات افسوسناک ہیں۔ اس کی مذمت کرتے ہیں ۔انتخابات میں تمام سیاسی پارٹیوں کو یکساں مواقع فراہم کئے گئے تھے۔ انتخابات کی نگرانی کرنےو الے عالمی مبصرین اور دیگر تنظیموں نے انتخابات کو شفاف قرار دیا ہے۔ میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے اختتام پر چند سیاسی رہنماوں کی جانب سے جاری کردہ غیر ذمہ دارنہ بیان کہ الیکشن کمیشن کو مستعفی ہوجانا چاہیے پر الیکشن کمیشن نے افسو کا اظہار کیا اور اس مطالبے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ صاف ،شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کے بارے میں بغیر کسی ثبوت کے اس طرح کے بیانات افسوسناک اور حقائق کے منافی ہیں۔ عوام نے آزادنہ ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ پورے ملک سے الیکشن میں دھاندلی کے حوالے سے اب تک کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ عوام کے مینڈیٹ کا بغیر کسی جواز اور ذاتی مفاد کی بنیاد پر احترام نہ کرنا جمہوریت کے بنیاد اصولوں کے منافی ہے۔ الیکشن کمشین یہ بھی واضح کرنا چاہتا ہے کہ اگر کسی امیدوار کو کسی بھی حلقہ یاپولنگ اسٹیشن کے حوالے سے کوئی شکایت ہے تو اس کے ازالے کے لئے قانون میں دیئے گئے طریقہ کار کے مطابق راستہ اختیار کریں ۔ سیکرٹیری الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن توقع کرتا ہے کہ تمام جمہوری قوتیں اور افراد اپنے ذاتی مفادات کو پس پشت ڈالتے ہوئے آئین،قانون اور جمہوریت کی بالادستی کے لئے اپنے تمام آئینی اداروں پر نہ صرف بلاجواز تنقید سے گریز کریں گے ۔مستحکم جمہوری پاکستان کے لئے اپنا کردارادا کریں گے۔