جی ڈی اے نے دوبارہ الیکشن کا مطالبہ کردیا
کراچی...جی ڈی اے نے سندھ کے انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہوئے دوبارہ الیکشن کا مطالبہ کردیا۔ جی ڈی اے کے سربراہ پیرپگارا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جھگڑا پنجاب کا تھا سندھ کا مینڈیٹ کیوں چرایا گیا۔ پی پی امیدواروں کو اچانک اتنے ووٹ کیسے مل گئے ۔صرف جی ڈی اے کے ووٹ ہی کیوں مسترد ہوئے۔ کیا جی ڈی اے کے ووٹرز نابینا تھے۔انہوں نے کہا کہ کچھ ساتھیوں کی رائے تھی کہ ہڑتال کی کال دی جائے تاہم قانونی راستہ اختیار کرینگے۔پیرپگارا نے کہا کہ 90 فیصد بیوروکریٹس کے بیوی بچے دہری شہریت والے ہیں۔چوری کا پیسہ واپس لانے میں بیوروکریسی رکاوٹ ہے ۔ قومی عوامی تحریک کے صدر ایازلطیف پلیجو نے کہا کہ الیکشن میں بہت بڑا فراڈ کیا گیا ۔ چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کامطالبہ کرتا ہوں۔ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ انتخابی دھاندلیوں کے خلاف 3 اگست کو ہرضلع میں احتجاج ہوگا۔ دوسرے مرحلے میں انتخابی دھاندلی کے خلاف پہیہ جام ہڑتال ہوگی۔تیسرے مرحلے میں سندھ کی تمام شاہراہوں کو بلاک کردینگے۔ حالات کو70 کی دہائی کی طرف لے جایاجارہاہے۔