بار بار زخم کھانے سے کیا فائدہ؟
کراچی ( صلاح الدین حیدر)مبصرین ِ وقت حیران ہیں اور2 موضوعات پر زوروشور سے بحث ومباحثے میں مصروف ہیں، پہلے تو یہ کہ آخر صدر مملکت عمران خان کا حلف وفاداری ایوان صدر میں ہی لینے پر کیوں مصر ہیں۔ دوسرا کہ کیا ایم کیو ایم وفاق میں تحریک انصاف کی حمایت کرے گی یا پیپلز پارٹی کے ساتھ سندھ میں حکومت میں شرکت کو فوقیت دے گی۔ دونوں ہی موضوع اہم ہیں۔سوال یہ ہے کہ صدرمملکت ن لیگ کے نمائندے ہیں۔ ایک ایسی پارٹی جس کو کہ عوام الناس نے انتخابات میں رد ّکردیا ، اس کی کیا حیثیت رہ گئی ۔کیا اب بھی وہ فیصلے صادر کرنے کے حق دار ہیں؟اس سوال کا جواب ضروری ہے۔ لگتا ہے عمران خان نے بھی ایوان صدر میں ہی حلف اٹھانے کوترجیح دی ہے۔عمران کے قریبی ساتھی نعیم الحق نے تو اس بات کی تصدیق کر دی ۔آخر کیوں، لوگوں کی بہت بڑی اکثریت اس بات کی حمایتی ہے کہ عمران، ذوالفقار علی بھٹو کی طرح، کھلے میدان میں حلف اٹھائیں۔ امر یکہ میں بھی ایسا ہی ہوتا۔ امریکی صدر سینیٹ کی گیلری میں لاکھوں کے مجمع سے حلف وفاداری اٹھاتا ہے،تاکہ لوگوں کو اس اہم موقع پرقوم کی خدمت کا بھرپور موقع مل سکے۔ دیکھیں کہ عمران خان کیا فیصلہ کرتے ہیں۔ کابینہ اور وزرا ءاعلیٰ، گورنر کی تقرری پر بحث جاری ہے ۔ عمران خان کے قریبی ساتھیوں کے مطابق آخری فیصلہ پارٹی کے سربراہ ہی کریں گے، مشورے ضرور ہورہے ہیں۔ آخری فیصلہ کیا ہوتاہے۔ جہاں تک ایم کیو ایم کا سوال ہے، اسے ابھی تک پیپلز پارٹی کی طرف سے حکومت میں شرکت کی دعوت نہیں ملی۔کچھ اڑتی اڑتی خبریں ایسی ہی ہیں کہ شاید زرداری ایم کیو ایم کو ساتھ لے کر چلیں تاکہ ایم کیو ایم کی 6قومی اسمبلی کی نشستوں سے عمران کو محروم کردیا جائے۔آج بھی سابق سندھ کے گورنر محمد زبیر نے ایم کیو ایم سے دوبارہ رابطہ کیااورانہیںن لیگ کا ساتھ دینے پر قائل کرنے کی کوشش کی۔ تحریک انصاف کی طرف سے جہانگیر ترین نے ایم کیو ایم کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا ۔بعدمیں ڈاکٹرفاروق ستار نے بیان دیدیا کہ پرائم منسٹر کے حق میں ایم کیو ایم ووٹ دے گی لیکن حکومت کا حصہ نہیں بنے گی۔اس کے نزدیک کراچی کے منصوبوں کے لئے مالی معاونت وزارتوں سے زیادہ اہم ہے۔ مبصرین اس بات پر متفق نظر آتے ہیں اور ایم کیو ایم اسکے حق میں ہے کہ وہ وفاق کا ساتھ دے اس لئے کہ پیپلز پارٹی کے وعدوں پراعتبار نہیں کیا جاسکتا۔ پہلے بھی وہ پیپلز پارٹی کی دو رُخی پالیسیوں کا شکار رہ چکے ہیں۔بار بار زخم کھانے سے فائدہ؟ یہی سوال اہم ہے۔