ریاض.... سعودی عرب میں بنگلہ دیش کے ملٹری اتاشی بریگیڈئیر شاہ عالم نے ریاض میں واقع دارالسلام کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور دارالسلام کے ڈائریکٹر عبدالمالک مجاہد اور آپریشنل مینجر عبدالغفار مجاہد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ بریگیڈیئر شاہ عالم نے دارالسلام کی اسلامی کتب قرآن پاک اور اسلامی لٹریچر کی طباعت و ترویج کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں اسلامی کتب کے ایسے معیاری ادارے بہت کم دیکھنے میں آتے ہیں۔ جہاں تحقیقی معیار اور طباعت کی خوبصورتی کا بہت خیال رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہمارا پورا گھرانہ دارالسلام کی کتب کے مطالعے کا شوقین ہے۔ ادارے کی اسلامی لٹریچر کی ترویج اور طباعت کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔اس موقع پر انہوں نے دارالسلام کے ڈائریکٹر عبدالمالک مجاہد کو بنگلہ دیش کے دورے کی دعوت بھی دی۔ ادارے کی طرف سے بریگیڈیئر شاہ عالم کو کتابوں کا ایک سیٹ بھی پیش کیا گیا۔