مظفرپور میں بچیوں سے زیادتی کے خلاف ہڑتال
مظفر پور۔۔۔۔بہار کے مظفر پور میں شیلٹر ہاؤس میں تقریباً 34 بچیوں سے زیادتی کے خلاف آج بہارمیں ہڑتال کا اہتمام کیا گیا۔ بند کی کال بائیں بازو کی جماعتوں نے دی ہے جسے کانگریس اور آر جے ڈی سمیت حزب اختلاف کی پارٹیوں کی حمایت حاصل ہے۔ہڑتال کے دوران بائیں بازو کی جماعت اور آر جے ڈی کے کارکنوں نے راجدھانی پٹنہ کے بھونیشوری چوک کے قریب ٹریفک جام کردی ۔ علاوہ ازیں مظاہرین قومی شاہراہ پر دھرنا دیکر بیٹھ گئے جس سے گاڑیوں کی آمدورفت میں دشواریاں پیش آئیں۔جہان آباد میں کارکنوں نے شتابدی ایکسپریس کو روک دیا۔ہڑتال کے دوران مختلف مقامات سے ہنگاموں کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ مظاہرین اور آرپی ایف کے اہلکاروں کے مابین جھڑپ کے واقعات بھی سامنے آئے۔ آر جے ڈی کے کارکنوں اور مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ زیادتی کے ملزمان کو فاسٹ ٹریک عدالت میں پیش کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ مقامی تاجر بھی دکانیں بند کرکے ہڑتال کی کال دینے والوں کی حمایت میں کھڑے ہوگئے۔ ہڑتال کا اثر سمستی پور میں بھی نظر آرہا ہے۔ یہاں بائیں بازو کی جماعت کےکارکن قومی شاہراہ 28پر دھرنا دیکر بیٹھ گئے جس سے ٹریفک اژدہام پیدا ہوگیا دیگر علاقوں میں بھی پُرتشدد ہنگامے شروع کردیئے گئے۔ مظفر پور میں قائم شیلٹر ہاؤس زیادتی کیس کے اہم ملزم برجیش کمارکو پولیس نے گرفتار کرلیا۔وہ ایک پبلشنگ کمپنی کا مالک ہےجہاں سے ہندی، اردو اور انگلش میں شائع ہونیوالے اخبارات شائع ہوتے ہیں ۔پولیس نے اس کا رجسٹریشن منسوخ کردیا ۔ اس پر الزام ہے کہ بڑے پیمانے پر حکومتی اشتہارات حاصل کرنے کیلئے ان اخبارات کی تعداد اشاعت بڑھا چڑھا کر پیش کی گئی تھی۔انتظامیہ کے اعلی افسران نےشیلٹرہاؤس واقعہ کی سی بی آئی سے تحقیقات کرانے کی یقین دہانی کرائی۔