ضیوف الرحمان کیلئے مکہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے 14ہزار اہلکار تعینات کر دیئے
مکہ مکرمہ(واس) گورنر مکہ مکرمہ و سربراہ مکہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی شہزادہ خالد الفیصل نے حج 1439ھ کیلئے اتھارٹی کے عملی پروگرام کی منظوری دیدی۔ ضیوف الرحمان کی خدمت کیلئے 14ہزار اہلکار تعینات کر دئیے گئے۔ اتھارٹی کے اہلکار مشاعر مقدسہ میں نافذ العمل منصوبوں کی کارکردگی کو موثر بنائیں گے۔ اس ضمن میں مشاعر مقدسہ ٹرین جمرات کے پل ، منیٰ ، مزدلفہ اور عرفات میں طہارت خانوں کے انتظامات ، حجاج کیلئے پینے کے پانی کا بندوبست ، حج خدمات کا معیار بہتر بنانے اور حج خدمات ڈاٹا کی تیاری سرفہرست ہیں۔ اتھارٹی کے ترجمان جلال کعکی نے بتایا کہ لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے۔ گورنر نگرانی کریں گے اور نائب گورنر نظر رکھیں گے۔ اہلکاروں کو 400سے زیادہ آلات اور مشینیں مہیا کی گئی ہیں۔ مشاعر مقدسہ ٹرین سے سفر کیلئے حجاج کی قافلہ بندی 8ذی الحجہ سے ہوگی۔ منیٰ سے ضیوف الرحمان کو ٹرین کے ذریعے عرفات لے جایا جائے گا اور وہاں سے پھر 350ہزار سے زیادہ کو مزدلفہ کے راستے منیٰ واپس لایا جائے گا۔ ایام تشریق کے دوران 20لاکھ سے زیادہ حاجی مشاعر مقدسہ ٹرین سے استفادہ کریں گے۔ جمرات کے پل کی اصلاح و مرمت کا بھی اہتمام ہوگا۔ حج کے دوران 30ہزار طہارت خانے ضیوف الرحمان کے زیر استعمال رہیں گے۔ مشاعر مقدسہ میں ٹھنڈے پانی کی فراہمی کیلئے 600سے زیادہ واٹر کولر نصب ہوں گے۔ 700مکعب میٹر سے زیادہ پینے کا پانی فی گھنٹہ مہیا رہے گا۔