لڑکے نے دوسری جگہ شادی طے ہونے پر لڑکی کو گولی ماردی
نئی دہلی۔۔۔۔چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ لڑکی کو ایک نوجوان نے گولی ماردی جسے شدیدزخمی حالت میں اسپتال میں داخل کرادیاگیا ۔ ملزم کافی عرصے سے لڑکی کے تعاقب میں تھا ، گڑگاؤں میں واقع لڑکی کے دفترمیں بھی جاکر دھمکیاں دیتے ہوئے کہتا کہ اسے کہیں دوسری جگہ شادی نہیں کرنے دیگا۔پولیس نے بتایا کہ لڑکی کی شادی کسی دوسرے لڑکے سے طے ہونے پر ملزم طیش میں آگیااور بھارت نگر میں واقع لڑکی کے ننیہال پہنچا جہاںوہ موجودتھی۔لڑکا بغیر روک ٹوک گھر میں داخل ہوا اور لڑکی پر فائرنگ کردی اسی دوران پستول میں لگی میگزین گر گئی اور گھبراہٹ کے عالم میں وہاں سے فرار ہوگیا۔لڑکی کی چیخ و پکار سن کر اہل خانہ نے اسے فورا ً اسپتال پہنچایا ۔ پولیس نے علاقے میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے ملزم کوگرفتارکرکے اس کے قبضے سے پستول برآمد کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزم کا نام ہریش ہے ۔وہ جیوتی نگر کا رہنے والا ہے اور پارٹ ٹائم کسی کمپنی میں ملازمت کرتا ہے۔وہ اپنے والد کے ساتھ بھجن گاتا ہے اور خود کو گلوکار ظاہر کرتا ہے۔حادثہ کے وقت لڑکی شاردا علاقے میں واقع نانی کے گھر پر تھی ۔ 24سالہ انامیکانے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ( سی اے) کی ڈگری حاصل کرنے کے بعدگڑگاؤں میں قائم کمپنی میں ملازمت اختیار کرلی۔ ڈی سی پی اسلم خان نے بتایا کہ لڑکی اسپتال میں زیر علاج ہےجہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔