دیوریا: زیادتی کے ریکٹ کا انکشاف،24لڑکیاں بازیاب
دیوریا۔۔۔۔اتر پردیش کے ضلع دیوریا میں بچیوں کے تحفظ مرکز میں مبینہ طور پر زیادتی کے ریکٹ کاانکشاف ہوا ۔ایک بچی کی شکایت پردیوریا پولیس نے کوتوالی صدر علاقے میں لڑکیوں کے تحفظ مرکز سے 24لڑکیاں اور خواتین بازیاب کرائیں اور مرکز سے 2افراد کو گرفتار کیاجبکہ ایک ملزم فرار ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ہوم میں 42خواتین اور بچے بچیاں موجود تھیں جن میں سے 18بچے ، بچیاں ، عورتیں اور لڑکیاں غائب ہیں جن کا سراغ لگایا جارہا ہے۔پولیس نے بتایا کہ خواتین کی تربیت اور سماجی خدمات کے نام پر چلائے جانے والے ماں سندھیا واسنی گرلز شیلٹر کی منظوری پر حکومت نے پابندی لگا دی تھی۔اطلاع کے مطابق بہار کے ضلع بیتیا کی رہنے والی بچی موقع پاکر یہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوگئی۔اس نے خواتین پولیس اسٹیشن پہنچ کرایس او کو شیلٹر ہوم میں ہونیوالے زیادتی کے واقعات سے آگاہ کیا۔ایس او نے اس کی واقعہ کی اطلاع ایس پی روہن پی کنے کو دی ۔ ایس پی نے فوراً مرکزکے بارے میں معلومات جمع کی اور خواتین ہیلپ لائن 181کی کاؤنسلر کو طلب کیا گیا جہاں لڑکی نے بچیوں کے تحفظ مرکز میں صنفی زیادتی کا الزام لگاتے ہوئے مرکز میں ہونیوالی زیادتیوں اورمظالم سے آگاہ کیا۔ایس پی نے غیر قانونی طور پر قائم شیلٹرہوم پر چھاپہ مار کر وہاں سے24لڑکیاں اور خواتین کو بازیاب کرانے کے بعد ہوم کو سیل کردیا اور متاثرین کو سرکاری سلامتی مرکز میں عارضی طور پر منتقل کردیا گیا۔پولیس نے مرکز کے ذمہ داروں کیخلاف رپورٹ درج کرکے کارروائی شرو ع کردی۔