یوپی: یوگی کی پولیس فرضی انکاؤنٹرکیلئے تیار، اسٹنگ میں سنسنی خیز انکشاف
لکھنؤ۔۔۔۔۔اترپردیش میں جب سے بی جے پی حکومت اقتدار میں آئی ہے پولیس انکاؤنٹر کے واقعات میںدن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ پولیس انکاؤنٹر میں کم از کم 60 افراد کو ہلاک اور400 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اترپردیش پولیس کے بعض اہلکار لوگوں کو جھوٹے معاملات میں پھنسا کر فرضی مڈبھیڑ کرنے کی کارروائی کیلئے تیار ہیں۔اسٹنگ کے منظر عام پر آنے کے بعد یو پی محکمہ پولیس میں کھلبلی مچ گئی جس کے بعد 3 اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔ آگرہ کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ امیت پاٹھک نے سوشل میڈیا پر تصادم سے متعلق ناشائستہ زبان استعمال کرنے کا ویڈیو وائرل ہونے کے معاملے میں ایک پولیس انسپکٹر اور2 سب انسپکٹرزکومعطل کردیا اور ڈی جی پی اوم پرکاش سنگھ نےتحقیقات کا حکم جاری کیا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس ڈائریکٹر جنرل او پی سنگھ نے پولیس سوشل میڈیا پرناشائستہ ویڈیو وائرل ہونے کے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے قصوروارپولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔ ڈی جی پی کی ہدایت پر سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ پاٹھک نے بسئی جگنیر تھانہ کے انچارج انسپکٹر جگدمبا پرساد اور اسی تھانے میں تعینات سب انسپکٹر بلبیر سنگھ کے علاوہ چترا ہاٹ تھانے میں تعینات سب انسپکٹر سرویش کمار کو معطل کردیا ۔