ملک مودی حکومت کا متبادل چاہتا ہے، راہول گاندھی
نئی دہلی- - - - کانگریس صدر راہول گاندھی نے مودی حکومت پر ’’اچھے دن‘‘کا وعدہ پورا نہ کرنے، بدعنوانی مٹانے، مہنگائی روکنے اور گڈ گورننس دینے میں مکمل طورپر ناکام رہنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے عوام کی توقعات کو برقرار رکھنے اور اس حکومت کا مضبوط و بہترین متبادل دینے کے لئے کانگریس کو پوری طاقت کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ گاندھی نے منگل کو کانگریس پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت میں کرپشن عروج پر پہنچ چکا ہے۔ ملک کی معیشت لڑکھڑا نے لگی ہے ، حکومت وانتظامیہ کمزور ہوتی جارہی ہے اور سماج میں تقسیم کے حالات پیدا کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے چار سال پہلے ملک کے عوام سے جو وعدے کئے تھے،ان کو پورا کرنے میں یہ حکومت پوری طرح ناکام ہو گئی ہے، ملک اس حکومت کا متبادل چاہتا ہے اس لئے کانگریس کو عوام کو بااختیار متبادل دینے کی سمت میں جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔راہول نے الزام لگایا کہ کانگریس کی قیادت والی حکومتوں نے ملک کو وسیع طور پربااختیار بنانے کے لئے جن اداروں کو قائم کیا تھا، بی جے پی کی حکومت نے انہیں کمزور بنا دیا ہے۔جدید ہندوستان کے لئے ان اداروں کو جمہوریت کا مرکزکہا جاتا ہے لیکن راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اور بی جے پی نے انہیں تباہ کر دیا ہے۔ ہر ادارے میں آر ایس ایس کے لوگوں کوتعینات کیا جا رہا ہے اور ادارے کے بنیادی نظریات کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ ملک میں نفرت پھیلانے والی اورتقسیم کرنے والی طاقتیں،آئین سے چھیڑ چھاڑ کرنے اور تشدد کو فروغ دینے والی قوتوں كو دوبارہ اقتدار میں آنے سے روکا جائے اورکسانوں، نوجوانوںکی توقعات پر پورا اترنے کی ضرورت ہے۔