پنجاب میں کلین نوجوان وزیر اعلی لائینگے، عمران
لاہور...چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں حالیہ انتخابات پانی پت جنگ جیسے تھے لیکن اس انتہائی مشکل انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے پر سب کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ کے لئے ایک نوجوان لارہا ہوں جو کلین ہوگا ۔ اس پرکسی قسم کا کوئی سوالیہ نشان نہیں۔ تحریک انصاف پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت ہوا ۔پنجاب بھر سے نومنتخب اراکین پنجاب اسمبلی سمیت تحریک انصاف میں شامل ہونے والے آزاد امیدوار شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری اور کابینہ امور پر مشاورت ہوئی۔ وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے شرکا کو پارلیمانی امور سے متعلق آگاہ کیا۔بعد ازاں نومنتخب اراکین سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ کئی ایسے امیدوار بھی ہیں، جنہیں تحریک انصاف کا ٹکٹ نہیں ملا،جس کے بعد انہوں نے آزاد حیثیت میں انتخابات جیتے لیکن آئندہ انتخابات میں ٹکٹ دینے کی پالیسی مزید موثر بنانا ہوگی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپنی حکومت کے پہلے 100 دنوں میں وہ کام کریں گے جن سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا وجود منتشر ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سیاسی اقدار بدلے گی ۔ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کرے گی۔انہوںنے کہا کہ قابلیت اور اہلیت ریاست مدینہ کا اہم جزو تھا اور قانون کی بالادستی ریاست مدینہ کا دوسرا اہم جزو تھا۔انہوں نے کہا کہ مجھے کیوں نکالا مہم کا پورا خلاصہ یہ ہے کہ مجھ سے پوچھنے کی ہمت کیسے ہوئی۔انہوں نے کہا کہ1970 کے بعد پہلی مرتبہ عوام نے نظریے کو ووٹ دیا ہے، اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ باعزت سیاست کریں یا روایتی سیاست کی جانب لوٹ جائیں۔ پیپلز پارٹی اس وقت تک ناقابل تسخیر تھی جب تک نظر ئیے سے جڑی رہی،زرداری نے نظر ئیے سے خود کو الگ کیا تو پیپلز پارٹی ریزہ ریزہ ہوگئی ۔مسلم لیگ (ن) کا شیرازہ بھی بکھرنے کو ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سروے کہہ رہے تھے خیبرپختونخوا سے تحریک انصاف جیت جائے گی۔عمران خان نے کہا کہ لوگوں سے وعدہ کر کے آیا ہوں کہ مدینہ کی ریاست بنانی ہے، انصاف میرٹ پر کرنا ہے، آپ نے عوام کے پیسے کو اللہ کی امانت سمجھنا ہے اور قوم کا پیسا بچانا ہے تاکہ عوام کی فلاح پر خرچ کیا جاسکے جب کہ ہم نے پارٹی کو ایک ادارہ بنانا ہے، سب سے زیادہ ذمہ داری پنجاب والوں پر ہے، جہاں ہماری کمزوری ہے اس حلقے میں ابھی سے کام شروع کرنا ہے۔عمران خان نے کہا کہ پنجاب پولیس کو غیر سیاسی اور خود مختار بنائیں گے۔ کے پی پولیس کے طرز کی اصلاحات لائیں گے، پنجاب کے اسکولوں اور اسپتالوں کو بہتر سے بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سے اس کا تقاضا کبھی نہیں کروں گا جس پر میں خود عمل نہ کروں، فیصلے میرٹ پراور قوم کے مفاد کے لئے کروں گا جب کہ ذاتی سیاست نے سیاستدانوں کو ذلت دی ہے، ذاتی سیاست میں عوام کا نام لےکراقتدارمیں آکراپنی ذات کا سوچتے ہیں۔