صعدہ میں حوثیوں پر حملہ، جازان کی آبادی پر حملے کا جواب ہے، الترکی
ریاض- - - - عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان کرنل الترکی المالکی نے واضح کیا ہے کہ صعدہ میں حوثیوں پر حملہ جازان کی آبادی پر ان کے بیلسٹک میزائل حملے کا جواب ہے۔ کرنل الترکی نے بتایا کہ جمعرات کو صعدہ میں جن عناصر پر حملہ کیا گیا وہ وہی لوگ تھے جنہوں نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کو جازان کی آبادی پر حملے کی منصوبہ بندی کر کے شہریوں کو زخمی کیا تھا۔ ان کے خلاف کارروائی بین الاقوامی قانون اور روایات کے عین مطابق ہے۔ یہ عسکری کارروائی خالص قانونی تھی۔ الترکی نے واضح کیا کہ عرب اتحاد برائے یمن ، ایران کے وظیفہ خوار دہشت گرد حوثیوں کی مجرمانہ او ردہشت گردانہ کارروائیوں اور بیلسٹک میزائل حملوں کے عناصر کو اپنے کئے کا خمیازہ بھگتنے پر مجبور کرے گا۔ دہشت گردوں کو علاقائی اور عالمی امن کو نقصان پہنچانے سے روکا جائے گا۔ انہیں بچوں کو جنگ کے دوزخ میں جھونکنے اور بچوں کو انسانی ڈھال کے طورپر استعمال کرنے سے باز رکھنے پر مجبور کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ ایران کے ماتحت دہشتگرد حوثیوں نے یمن کے علاقے عمران سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل داغا تھا۔ جازان شہر کے رہائشی علاقے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔ سعودی فضائیہ نے میزائل کو ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی فضا میں تباہ کردیا۔ تباہ شدہ میزائل کے ٹکڑے آبادی پر آکر گرے جس سے ایک یمنی شہری شہید اور 11افراد زخمی ہوگئے۔ زخم معمولی درجے کے ہیں۔ الترکی نے کہا کہ ایرانی دہشتگرد حوثیوں کا معاندانہ عمل ایک بار پھر اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ حوثیوں کو اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر 2216اور 2231سے کوئی دلچسپی نہیں۔ اس کی پے درپے خلاف ورزی انکا وتیرہ بن چکا ہے۔