عمران خان کی غیر مشروط معافی قبول
اسلام آباد...الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف ووٹ کی رازداری سے متعلق از خود نوٹس واپس لیتے ہوئے ان کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے غیر مشروط معافی کا حلف نامہ جمع کرایا گیا۔کمیشن کے3 ممبران نے نوٹس واپس لینے کے حق میں رائے دی ۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے از خود نوٹس کی سماعت کی۔ عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور عمران خان کا تحریری جواب جمع کرایا۔ عمران خان نے تحریری جواب میں الیکشن کمیشن سے غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن اور انتخابی قوانین کی قدر کرتے ہیں۔تحریری جواب میں کہا گیا کہ پولنگ عملے سے پوچھا کہ مہر کہاں لگاوں۔ پولنگ اسٹیشن میں فرنیچر بکھرا پڑا تھا۔ ایک ٹیبل پر بیلٹ پیپر رکھ کر مہر لگانے کا کہا گیا ۔ اس موقع پر میڈیا نے ان کی مرضی کے بغیر ووٹ کاسٹ کرنے کی ویڈیو بنائی۔ جواب میں کہا گیا کہ جان بوجھ کر قانون کی خلاف ورزی نہیں کی۔اپنے غیر ارادی اقدام پر غیر مشروط معافی مانگتے ہوئے عمران خان نے استدعا کی کہ ان کے خلاف نوٹس نمٹایا جائے۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان کی معافی قبول کر تے ہوئے ان کے خلاف نوٹس واپس لے لیا۔ بعدازاں الیکشن کمیشن نے این اے 53 سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔