خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں الاٹ ،تحریک انصاف آگے
اسلام آباد... الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں الاٹ کردیں۔ تمام جماعتوں کی انتخابی پوزیشن واضح ہوگئی۔قومی اسمبلی میں خواتین کی 60 مخصوص نشستوں میں سے تحریک انصاف کو 28، مسلم لیگ (ن) کو 16، پیپلز پارٹی کو 9، متحدہ مجلس عمل کو 2 نشستیں ملیں ۔ جی ڈی اے ، ایم کیو ایم پاکستان، ق لیگ، بی اے پی، بی این پی کے حصے میں خواتین کی ایک ایک مخصوص نشست آئی۔قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی 10 مخصوص نشستوں میں سے تحریک انصاف کو 5 نشستیں، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو 2،2 اور ایم ایم اے کو ایک نشست ملی ۔ قومی اسمبلی میں تحریک انصاف 158 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ مسلم لیگ (ن) 82 نشستوں کے ساتھ دوسرے، پیپلز پارٹی 53 نشستوں کے ساتھ تیسرے، متحدہ مجلس عمل 15 نشستوں کے ساتھ چوتھے، متحدہ قومی موومنٹ 7 نشستوں کے ساتھ پانچویں، مسلم لیگ (ق) 5 نشستوں کے ساتھ چھٹے، بلوچستان عوامی پارٹی 5 نشستوں کے ساتھ ساتویں اور بلوچستان نیشنل پارٹی 4 نشستوں کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہے۔پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف 179 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے اسے پنجاب اسمبلی میں خواتین کی 33 اور اقلیتوں کے لئے 4 مخصوص نشستیں ملیں۔ مسلم لیگ (ن) 164 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اسے 30 خواتین اور 4 اقلیتی نشستیں ملیں۔ مسلم لیگ (ق) 10 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی ۔اسے 2 خواتین اور 8 اقلیتی نشستیں ملیں۔ پیپلز پارٹی 7 نشستوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ اسے خواتین کی 1 اور 6 اقلیتی نشستیں ملیں۔سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی 97 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے ۔ اسے خواتین کی 17 اور اقلیتوں کی 5 مخصوص نشستیں ملیں۔ تحریک انصاف 30 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ اسے خواتین کی 5 اور اقلیتوں کی 2 مخصوص نشستیں ملیں۔ ایم کیو ایم پاکستان 21 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ اسے خواتین کی 4 اور اقلیتوں کی ایک نشست ملی۔سندھ اسمبلی میں جی ڈی اے 13 نشستوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ اسے خواتین کی 2 اور اقلیتوں کی ایک نشست ملی۔ تحریک لبیک خواتین کی ایک مخصوص نشست ملا کر 3 نشستوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کی 22 خواتین اور 3 غیر مسلم اور بلوچستان اسمبلی کی 11 خواتین اور 3 غیر مسلم نشستوں پر منتخب ارکان اسمبلی کے نوٹی فکیشن جاری کر دئیے گئے ۔اعلامیے کے مطابق قومی اسمبلی کی 13 نشستوں پر آزاد حیثیت میں کامیاب ہونے والے 9 امیدوار تحریک انصاف میں شامل ہوئے جبکہ 4 نے آزادحیثیت برقرار 3 نشستوں کے نتائج روک د ئیے گئے ۔پنجاب میں 23 آزاد امیدواروں نے تحریک انصاف میں شمولیت کی ۔دریں اثناءقو می اسمبلی اجلاس کا غیر حتمی شیڈول بھی جاری کردیا گیا۔13 اگست کو نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے کے لئے کاغذات نامزدگی14 اگست کو جمع ہونگے ۔15اگست کو انتخاب ہو گا ۔17 اگست کو وزیر اعظم کا انتخاب کیا جائے گا ۔نو منتخب وزیر اعظم 18اگست کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔