سرطان میں مبتلا 3سالہ بچہ روتی ہوئی ماں کو چپ کراتا رہا
بیجنگ.... مشرقی چین کے ایک دیہی علاقے میں 3سال کے ایک بچے کی وڈیو جاری ہوئی ہے جو انتہائی خطرناک اور نادر قسم کے سرطان میں مبتلا ہے۔ بچے کی بیماری اتنی سنگین ہے کہ اس کے والدین اپنے بچے کے علاج کیلئے اپنی تمام جمع شدہ پونجی خرچ کرچکے ہیں اور اس کے علاوہ 22ہزار پونڈ کے مقروض بھی ہوچکے ہیں۔ مگر اب وہ پھر خالی ہاتھ ہیں اور باپ سے کہیں زیادہ فکر مند اسکی ماں ہے جو ہر وقت بچے کو دیکھتی اور روتی رہتی ہے۔ اب اسی بچے کی جو وڈیو جاری ہوئی ہے اس میں 3سال کا یہ بچہ ماں کی ذہنی اور دماغی حالت کا بخوبی اندازہ لگاتے ہوئے اپنی جان لیوا بیماری سے بے نیاز ہوکر ماں کو تسلی دینے اور رونا دھونا بند کرانے کیلئے منت سماجت کرتا نظرآتا ہے۔ اتنے عرصے تک اسکے والدین اپنے وسائل سے اسکا علاج کراتے رہے مگر اب جب وہ کنگال ہوگئے تو خوش قسمتی سے کسی فلاحی ادارے کو اسکی اطلاع ملی اور اس نے جونیان نامی اس بچے کی کیمو تھراپی شروع کرادی ہے۔ جس نے بھی اس موقع کی وڈیو اورتصویر دیکھی ہے وہ غمزدہ ہوئے بغیر نہیں رہ سکا۔ وڈیو دیکھنے والے تمام افراد کی دعا ہے کہ یہ بچہ جلد از جلد صحتیاب ہوجائے۔ اب اس بچے کو 2اوپن چیسٹ سرجری، 7ریڈیوتھراپی اور 7کیمو تھراپی سیشن سے گزرنا ہوگا۔ جس کے لئے مزید 51ہزار پونڈ کی ضرورت ہے۔ امید کی جاتی ہے کہ فلاحی ادارہ مختلف ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے یہ رقم جمع کرلے گا۔