Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا

اسلام آباد... قومی اسمبلی کے اجلاس میں نو منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔ اسپیکر ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے 342 اراکین میں سے 331 ارکان سے حلف لیا۔واضح رہے کہ عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے 2 حلقوں پر انتخاب نہیں ہوسکا تھا ۔ 8 امیدواروں نے اپنی زائد نشستیں چھوڑ دیں۔ اس کے علاوہ خاتون کی ایک مخصوص نشست پر کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوسکا ۔نومنتخب اراکین سے حلف لینے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی نے اردو حروف تہجی کے تحت اراکین کو ’رول آف ممبر پر دستخط کئے ۔سب سے پہلے سابق صدر آصف علی زرداری کا نام پکارا گیا۔ اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخابات منگل 15 اگست کو ہوگا۔ تحریک انصاف کی جانب سے اسپیکر کے لئے اسد قیصر جبکہ گرینڈ اپوزیشن الائنس کی جانب سے خورشید شاہ امید وار ہیں ۔ قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں شرکت کے لئے چیئرمین پی ٹی آئی اور نامزد وزیر اعظم عمران خان پارلیمنٹ ہاوس پہنچے اور قومی اسمبلی کے کارڈ کے لئے رجسٹریشن کرائی۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی قومی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف لیا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پہلی مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد پارلیمنٹ ہاوس پہنچے۔ چیئرمین پی پی پی کی آمد پر ایک دلچسپ لمحہ دیکھنے میں آیا۔جب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے اپنے نشست سے اٹھ کر بلاول بھٹو زرداری سے مصافحہ کیا اور ان کے ہمراہ تصاویر بنوائیں۔قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس میں 50 فیصد اراکین ایسے ہیں جو اس سے قبل رکن اسمبلی نہیں بنے تھے۔ کچھ ایسے بڑے نام شامل ہیں جو کئی مرتبہ رکن اسمبلی رہنے کے باوجود اس مرتبہ کوئی نشست حاصل نہیں کرسکے۔

شیئر: