یوم آزادی پر ملی جوش و خروش، ملک بھر میں چراغاں
اسلام آباد...پاکستان کا 71واں یوم آزادی منگل 14 اگست کو قومی جذبے اور ملی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔دن کا آغازمساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی خوشحالی، یکجہتی و استحکام اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعاوں سے ہوگا ۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی دی جائےگی۔ملک بھر میں مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات ہوں گی۔ اہم شخصیات شرکت کریں گی ۔ ملک بھر میں جشن آزادی کے سلسلہ میں سیمینارز اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا ۔مقررین جدوجہد آزادی کی تحریک میں دی جانے والی قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے ۔حکومتی ، سرکاری شخصیات اورپاک افواج کے افسران ،بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جنا ح اور شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ کے مقبروں پر حاضری دیں گے ۔ دوسری جانب گلی محلوں اوربازاروں کو خوبصورت جھنڈیوں اور پرچموں سے سجا دیا گیا ۔ اہم سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرانے کے ساتھ چراغاں بھی کیا گیا ہے ۔ملک بھر میں چھوٹے بڑے بازاروں میں ہر طرف قومی پرچموں کی بہار ہے ۔بیجز ، جھنڈیوں اور قومی پرچم کی طرز پر لباس کے اسٹالز پر خریداری عروج پر ہے ۔تاجروں کی مختلف تنظیموں نے پاکستان کا یوم آزادی بھرپور طریقے سے منانے کے لئے تجارتی مراکز میں ملی نغموں اور قومی ترانے کی دھنیں پیش کرنے کے لئے ساﺅنڈ سسٹم بھی لگا دئیے ۔پاکستان ٹیلی وژن ،ریڈیو پاکستان سمیت نجی ٹی وی چینلز اور ریڈیو چینلز پر خصوصی پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے ۔