ممبئی پولیس نے دہشتگردی کی سازش ناکام بنادی
ممبئی۔۔۔مہاراشٹر پولیس نے 3دہشتگردوں کے قبضے سے دیسی پستول اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ مہاراشٹر پولیس کے انسداد دہشتگردی دستے نے اس سے قبل 6پستول میگزین سمیت11دیسی پستول ایک ایئر گن 10پستول بیرل اور 6پستول میگزین اور بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیاتھا۔ اے ٹی ایس نے گزشتہ دنوں ویبھو راوت کو گرفتار کیا تھا جو گئو رکشا تنظیم ہندوگئوونش رکشا سمیتی قائم کئے ہوئے ہے۔ خصوصی پولیس فورس نے شرد کالاسکر اور سدھنوا گوندھ لیکر کو پال گھر اور ضلع پونے میں چھاپہ مار کر گرفتار کیا۔اے ٹی ایس نے ان کے ٹھکانوں سے 20دیسی بم ، 2جلیٹنگ راڈ ، 4الیکٹرانک اور 22غیر الیکٹرانک ڈیٹونیٹر ،150گرام دھماکہ خیز مواد اور بعض دیگر اشیاء برآمد کیں۔پولیس ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کا ریاست کے مختلف مقامات پر دھماکوں کا پروگرام تھا۔ اے ٹی ایس سربراہ اتل چندر کلکرنے بتایا کہ ملزمان سے پوچھ گچھ کی جائیگی کہ ان کا تعلق کانریندر ڈابھولکر،گوند پانسرے اور صحافی گوری لنکیش کے قتل سے تو نہیں ۔ ملزمان کو 18اگست تک اے ٹی ایس کی حراست میں رکھا جائیگا۔