Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جودھپور صاف اور متھرا،گوالیار گندے ریلوے اسٹیشن

نئی دہلی۔۔۔۔مرکزی حکومت کی صفائی مہم کے جائزے میں دارالحکومت دہلی ، کولکتہ ، چنئی اور ممبئی کے ریلوے اسٹیشنز نچلی سطح پررہے۔ امسال اسٹیشن صفائی درجہ بندی میں راجستھان کے جودھپور اور جے پورنے اعلیٰ مقام حاصل کیاجبکہ وزیر اعظم نریندر مودی کا پارلیمانی حلقہ وارانسی 14ویں سے 69ویں مقام پرپہنچ گیا۔ متھرا ، گوالیار اور ہاپوڑ صفائی مہم کی فہرست میں سب سے نچلی سطح پر پہنچنے کے بعد ہندوستان کے سب سے گندے ریلوے اسٹیشنوں میں شمار کئے گئے۔وزارت ریلوے ٹرینوں اور اسٹیشنوں کی صفائی کی مد میں مسافروں سے کرائے میں 0.5فیصد اضافی رقم وصول کرتی ہے۔ ریلوے نے تیسرے فریق کے طور پر کوالٹی کونسل آف انڈیاسے اسٹیشنوں کی صفائی ستھرائی کی درجہ بندی کیلئے سروے کرایا۔وزیر ریلوے پیوش گوئل نے اسٹیشنوں کی صفائی رینکنگ سروے2018ء جاری کرتے ہوئے کہا کہ صفائی مہم میں A-1 اور Aکلاس کے 407اسٹیشنوں کے علاوہ 600مزید اسٹیشن شامل کئے جائیں گے۔سالانہ جائزے کی مدت 6ماہ کردی جائیگی۔گوئل نے بتایا کہ ریلوے اسٹیشنوں کی صفائی میں 18فیصد اضافہ ہوا ہے۔2018ء کے سروے میں 90فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے اسٹیشنوں کی تعداد39رہی جبکہ 2017ء میں صفر تھی۔ 80فیصد نمبر پانے والے اسٹیشنوں کی تعداد161ہوگئی۔وزیر ریل نے بتایا کہ A-1 کٹیگری پہلے مقام پر جودھپور ریلوے اسٹیشن، دوسرے نمبر پر جے پور اور تیسرے نمبر پر تروپتی اسٹیشن رہا۔A کٹیگری میں پہلے نمبر پرمارواڑ،دوسرے نمبر پر پھولیرا اور تیسرے مقام پر ورنگل ریلوے اسٹشین رہا۔وزیر ریلوے نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریلوے اسٹیشنوں کے انتظامی امورکا جائزہ لیا جائیگا۔
مزید پڑھیں:- - - - -کیا بی جے پی ہلسا مچھلی اور مشٹھی دوئی کو بھی پناہ گزین قراردیگی؟: ممتا بنرجی

شیئر: