ملک میں ڈیموں کی تعمیر وقت کی اشد ضرورت ہے ، اپنا حصہ شامل کریں، شہریاراکبر
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پاکستان قونصلیٹ میں یوم آزادی کے موقع پرقونصل جنرل شہریار اکبر خان کی سربراہی میںپرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی ۔ اس موقع پر ڈپٹی قونصل جنرل شائق بھٹو اورویلفیئر قونصل نجیب احمد نے صدر پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کرسنائے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان قونصلیٹ میں جشن آزادی کی روایتی تقریب کا آغاز سبز ہلالی پرچم لہرا کرکیاگیا۔قونصل جنرل شہریار اکبر خان نے، قومی ترانہ کے ساتھ پاکستانی پرچم لہرایا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی نے شرکت کی۔اس موقع پر پاکستان آرمی اور پاکستان بحریہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ پرچم کشائی کے بعدحاضرین نے وطن عزیز کی سلامتی ، استحکام اور ترقی کیلئے خصوصی دعا کی ۔ بعدازاں قونصلیٹ کے ہال میں قونصل جنرل نے جشن آزادی کی مناسبت سے خطاب کیا ۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت معروف قاری محمد آصف نے حاصل کی ۔ قونصل جنرل نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج کا دن ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیو ںکی یاد دلاتا ہے ۔71برس قبل ہمارے آباء و اجداد کی عملی جدو جہد اور بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں اقوام عالم میں ہمیں نمایاں شناخت ملی ۔ اپنی اس پہچان پر فخر ہے اسے بلندیوں سے ہم کنار کرانا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ انھوں نے مزید کہا یہ میرا یقین ہے کہ اگر ہم ایمانداری اور قومی وحدت سے مل جل کر کام کریں، تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم پاکستان کو دنیا کے ممالک میں باوقار مقام نہ دلا سکیں۔ چند دن قبل ہی پاکستان میں عا م انتخابات ہوئے ۔ یہ تیسری عوامی حکومت ہے جو انتخابی عمل کے نتیجے میں تشکیل پائے گی ۔ قونصل جنرل نے مملکت میں رہنے والے ہم وطنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا سعودی عرب میں26 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں ۔ جو دونوں برادر ملکوں کے مابین رابطے کا اہم ذریعہ ہیں ۔ کمیونٹی کے افراد وہ پل ہیں جو دونوں ملکوں کو باہم جوڑے رکھتے ہیں ۔ اس امر کا خیال رکھیں کہ آپ کے ہر قول و عمل کا براہ راست اثر وطن عزیز کی ساکھ پر مرتب ہوتا ہے ۔مقامی قوانین کا احترام کرتے ہوئے اس امر کاثبوت پیش کرنا ہر ایک کا فرض ہے تاکہ اقوام عالم میں باوقار قوم کے افراد کے طور پر پہچانے جائیں ۔ پاکستان میں ڈیم کی تعمیر وقت حاضر کی اشد ضرورت ہے جس میں ہم میں سے ہر ایک کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا تاکہ ملک ترقی کرے او ر اسکی معیشت مستحکم ہو ۔ انہوں نے تمام پاکستانی کمیونٹی سے گزارش کی کہ وہ دیامر ،بھا شا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔ اہل کشمیر کے حوالے سے شہریار اکبر خان کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہمیں اپنے ان کشمیری بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاھئے ، جو اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہم اپنے بھائیوں کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ پاکستانی قوم انکے شانہ بشانہ کھڑی ہے ہم انکی اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھیں گے اور ہرپلیٹ فارم پر کشمیر کے مسئلہ کو بلند کرتے رہیں گے تاکہ برسوں پرانے اس مسئلے کا جائز حل تلاش کیاجاسکے۔ تقریب کے اختتام سے قبل قونصل جنرل نے بچوں کے ساتھ مل کر یوم آزادی کا کیک کاٹا۔