امریکہ میں پاکستانی سفیر علی جہانگیر کی نیب میں طلبی
لاہور....نیب نے امریکہ میں پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کوتحقیقات کیلئے ذاتی حیثیت میں 27 اگست کو طلب کرلیا ۔نیب حکام کے مطابق امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نے سرمایہ کار کمپنی کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے مونٹے بیلو نامی کمپنی خریدنے کے لئے مبینہ طور پر 2 کروڑ 37لاکھ 58 ہزار یورو کے فنڈز چوری کئے ۔اس خریداری کیلئے انہوں نے ایک غیر ملکی کمپنی کا استعمال کیا ۔جس سے کمپنی اور اس کے حصص دارو ں کو نقصان پہنچا۔نیب حکام کے مطابق ایک اور کمپنی کے حصص مختلف مالیاتی اور حکومتی اداروں کو مارکیٹ کے نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کئے گئے تا کہ اس کے قرضوں کو بوجھ کو کم کیا جاسکے۔جس سے متعدد حکومتی اور دیگر مالیاتی اداروں کو 40 ارب روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ نیب ذرائع نے بتایا کہ علی جہانگیر صدیقی کو تحقیقاتی ٹیم کے روبرو خود پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دریں اثناء نیب حکام نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد سے تحقیقات کے دوران اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ فواد حسن اور امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کے درمیان کاروباری شراکت داری کا انکشاف ہوا ہے ۔علی جہانگیر صدیقی سے فواد حسن فواد کیساتھ تمام کاروباری معاہدوں کا ریکارڈ ز بھی طلب کر لیا گیا۔