کیرالامیں سیلاب کی تباہ کاریاں،مرنیوالوں کی تعداد363ہوگئی
نئی دہلی۔۔۔۔کیرالا میں سیلاب اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاست بھر میں ابتک 363افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ سیلاب اور بارش نے 100سالہ ریکارڈ توڑدیا۔ یہاں کے 44دریاؤں میں طغیانی آئی ہوئی ہے اور 39ڈیموں میں سے 35ڈیموں میں پانی کی سطح حد سے تجاوز کرگئی ہے۔ امداد و راحت رسانی کی ٹیمیں سیلاب زدہ علاقوں میں گھرے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ کڈنگلور میں کوسٹ گارڈ نے 10دن کے معصوم بچے اور ماں کو سیلابی ریلے میں بہنے سے بچالیا۔تینوں افواج اور این ڈی آر ایف کی ٹیموں نے جنگی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے تقریباً10ہزارافراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا۔سیلاب میں گھرے ہوئے خاندان و افراد کو اشیائے خوردونوش فضائیہ کے ذریعے فراہم کی جارہی ہیں۔این ڈی آر ایف کی 58ٹیمیں اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ کیرالا میں سوا3لاکھ افرادکو کیمپوں میں رکھا گیا ہے ۔ این ڈی آر ایف کے مطابق یہ ملک کی سب سے بڑ ی راحت و بچاؤ مہم ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کیرالا کے سیلاب زدہ علاقوں کا جائزہ لینے کیلئے فضائی دورہ کیا۔ریاست کو دی جانے والی 100کروڑ کی امدادی رقم میں 500کروڑ روپے مزید اضافہ کردیاگیا۔کیرالا میں سیلاب کی تباہ کاریوں کو دیکھتے ہوئے ملک کی مختلف ریاستوں نے کیرالا کی کی مدد کیلئے ہاتھ بڑھاتے ہوئے ریاست بہار نے 10کروڑ روپے،جھارکھنڈ نے 5کروڑ ، اتر پردیش نے 15کروڑ ، پنجاب نے 10کروڑ ، مہاراشٹر نے 20کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کیا۔علاوہ ازیں عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ، اور رکن اسمبلی نے کیرالا کے سیلاب زدگان کیلئے ایک ماہ کی تنخواہ دینے کا اعلان کیا۔ دہلی حکومت کی جانب سے بھی کیرالا کے لئے 10کروڑ روپے عطیہ کا اعلان کیا گیا۔یونائٹیڈ اسٹیٹ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گوتیرس نے کیرالا میں ہولناک سیلاب کے باعث ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کیا۔