Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایم کیو ایم پاکستان نے عارف علوی کی حمایت کردی

کراچی ...ایم کیو ایم پاکستان نے تحریک انصاف کے نامزد صدارتی امیدوار عارف علوی کی حمایت کردی۔ تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار عارف علوی نے منگل کو ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد میں متحدہ کے رہنماﺅں سے ملاقات کی اور صدارتی الیکشن میں حمایت کرنے کی درخواست کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر اور وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آپ کے اتحادی ہیں، ساتھ چلیں گے۔ ایم کیو ایم نے وزیراعظم کے لئے بھی پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا۔صدر کو بھی ووٹ دیں گے ۔اس موقع پر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ایم کیو ایم اتحادی جماعت ہے صدارتی الیکشن کے لئے حمایت کی درخواست کی ہے انہوں نے کہا کہ عوام نئے پاکستان کے لئے ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔ ہم نے اپنی بات ایم کیو ایم کے سامنے رکھی ہے۔ سندھ کے مسائل پر بھی بات کی ۔کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے کور کمیٹی کے اجلاس جلد بلائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہری سندھ کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح میں شامل ہے۔ بلدیاتی اداروں سے متعلق ایم کیوایم کی پٹیشن کی بڑی اہمیت ہے۔ پی ٹی آئی بھی بلدیاتی اختیارات کے حوالے سے پٹیشن دائر کرنے کا سوچ رہی ہے۔ عارف علوی نے کہا کہ کراچی نے وزیراعظم بنایا ہے۔اب ایم کیوایم کے ووٹ حاصل کرکے کراچی ہی صدر پاکستان بھی بنائے گا۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد پی ٹی آئی اور ایم کیوایم کے درمیان تعاون کی راہیں کھلی ہیں۔
مزید پڑھیں:اپوزیشن کا اتحاد پارہ پارہ

شیئر: