دہلی: عمارت میں آتشزدگی، پولیس اہلکاروں نے جان پر کھیل کر خاتون کو بچایا
نئی دہلی۔۔۔۔نئی دہلی کے پہاڑ گنج میں واقع چونا منڈی گلی نمبر1میں 4منزلہ عمارت میں آتشزدگی کا واقعہ آج صبح پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی 8ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔اس بھیانک آتشزدگی سے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ آسمان سے باتیں کرتے ہوئے آگ کے شعلوں میں گھری عمارت کی اوپری منزل میں رہائش پذیر خاتون کو پولیس اور امدادی ٹیموں کے ارکان نے جان پر کھیل کرموت کے منہ سے نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔ مقامی لوگوں کے مطابق چونا منڈی کی عمار ت کے نچلے حصے میں گودام ہے جہاں سے آگ کی شروعات ہوئی۔دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے خطرناک رخ اختیار کرلیا اور پوری عمارت آگ کے شعلوں میں تبدیل ہوگئی۔عمارت کی بالائی منزل پر سکونت پذیر خاندان نے گھبراہٹ کے عالم میں شورمچانا شروع کردیا ۔ موقع پر موجود امدادی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے عمارت میں مقیم تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا اور آگ پرقابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔