وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس کل طلب
اسلام آباد.. وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعہ کو طلب کرلیا ۔وزیراعظم نے وفاقی وزرا کو حلقوں سے اسلام آباد پہنچنے کا حکم دیتے ہوئے کابینہ اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں سیکیورٹی انتظامات پرخصوصی بریفنگ دی جائے گی۔ وزارت کیپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈ یولپمنٹ ڈویژن (کیڈ) کو ختم کرنے کی منظوری بھی دی جاسکتی ہے۔ وزارت کیڈ کے اداروں کو کابینہ ڈویڑن کے ماتحت کر دیا جائے گا۔ ان اداروں کو مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کے سپرد کیا جاسکتا ہے۔ تعلیمی اداروں کو حکومت وزارت تعلیم اور پروفیشنل ٹریننگ کے حوالے کیا جا سکتا ہے۔ اسپتالوں کو وزارت صحت کے ماتحت کر دیا جائے گا۔وزارت کیڈ پیپلزپارٹی دور میں بنائی گئی تھی ن لیگ کی حکومت نے بھی اسے جاری رکھا، وفاقی نظام تعلیمات، 422 تعلیمی ادارے، وفاقی دارالحکومت کے اسپتال اور سی ڈی اے وزارت کے ماتحت ہے۔