نواز شریف سے جیل میں اہل خانہ کی ملاقات
راولپنڈی...اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز سے ان کے اہل خانہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماوں نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ملاقاتیوں کی فہرست میں نواز شریف کے مرحوم بھائی عباس شریف کا خاندان، مریم نواز کی بیٹی، داماد اور سمدھی شامل ہیں۔ اسی فہرست میں مسلم لیگ (ن) کے 47 رہنماوں کے نام درج ہیں جن میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، خواجہ آصف، سینیٹر چوہدری تنویر، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، پرویز رشید، مصدق ملک، راجہ ظفرالحق، عرفان صدیقی، مریم اورنگزیب، خواجہ سعد رفیق، سابق وزیر مملکت پیر امین الحسنات، مائزہ حمید اور دانیال عزیز شامل ہیں۔ جیل حکام کے مطابق قیدیوں سے ملاقات کے لئے جمعرات کا دن مختص ہے تاہم عید کی تعطیلات کے باعث جمعہ کو نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کی اجازت دی گئی ۔