تالا ٹھیک کرنے کے بہانے لاکھوں کے زیورات اڑالے گئے
لکھنؤ۔۔۔۔۔راجاجی پورم کے روکندی پور میں مکان میں ہونیوالی واردات سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی۔ دھوکے بازتالا ٹھیک کرنے کے بہانے مکان میں داخل ہوئے اور لاکھوں کے زیورات لے اڑے۔خاتون نے زیورات غائب دیکھ کر شور مچانا شروع کردیا۔تال کٹورا پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرادی گئی۔اطلاع کے مطابق سیکٹر 12میں رہنے والے امیت تیواری کیٹرنگ کا کاروبار کرتے ہیں۔ 2افراد ’’تالا ٹھیک کرالو‘‘ کی صدالگاتے ہوئے ادھر سے گزرے ۔تیواری کی والدہ سروج نے نوجوانوں کو تالا ٹھیک کرنے کیلئے بلایا، کافی دیر بعد بھی تالا ٹھیک نہ ہوسکا اور نوجوان واپس چلے گئے۔دوسرے دن نوجوان پھر مکان پر پہنچے اور وندنا سے الماری کی چابی لیکر الماری میں لگائی اور دوسرے نے ان سے پانی طلب کیا۔وہ کچن سے پانی لیکر واپس آئی تو دونوں وہاں سے فرار ہوچکے تھے۔الماری کا تالا کھلا ہوا تھا اور اس میں رکھے زیورات غائب تھے۔ ایس او تال کٹورا نے بتایا کہ امیت کی شکایت ایف آئی آر درج کرلی گئی ۔ پڑوسیوں کے مکان میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج سے 2نوجوانوں کی تصویر سامنے آئی ہے جس کی بنیاد پر پولیس نے ان کی گرفتاری کی کارروائی شروع کردی۔