کولوراڈو کے ہوٹل میں سیاہ فام ریچھ کی چہل قدمی
کولوراڈو .... مقامی اسٹینلے ہوٹل میں لوگوں نے صبح سویرے ایک قوی الجثہ سیاہ فام ریچھ کو چہل قدمی کرتے ہوئے دیکھا۔ اسے دیکھ کر کچھ لوگ حیران ہوئے اور کچھ خوفزدہ تاہم اس موقع پر بہت سے لوگ ایسے تھے جنہوں نے موقع کی عکس بندی ضروری جانی اور انہوں نے اس ریچھ کی حرکات اور سکنات کو اپنی وڈیو میں محفوط کرلیا۔ جاری ہونے والی وڈیو میں ایک لمحہ ایسا بھی آتا ہے جب یہ بھاری بھرکم ریچھ ہوٹل کی لابی میں رکھی ایک میز پر چڑھ جاتا ہے اور وہاں سے اتر کر استقبالیہ کے آگے سے گزر جاتا ہے۔ واضح ہو کہ یہ ہوٹل مشہور مصنف اسٹیفن کنگ کا بھی بہت پسندیدہ ہوٹل تھا او راسی ہوٹل میں بیٹھ کر انہوں نے اپنی مقبول کتاب ’’دی شائننگ‘‘ لکھی تھی۔ وڈیو میں ہوٹل کے خوفزدہ ملازمین کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ واقعہ کے وقت ہوٹل میں مقیم تقریباً300مہمان سوئے ہوئے تھے کیونکہ مقامی عادات و اطوار کے مطابق ہوٹلوں میں رہنے والے اکثررات گئے اپنے کمروں میں آتے ہیں اور پھر سوتے ہیں تو دن میں کافی دیر بعد اٹھتے ہیں۔