بیوی کی خوبصورتی دیکھ کر شوہر نے کیا کیا؟
ممبئی۔۔۔۔خوبصورتی قدرت کا انمول عطیہ ہے ،انسان خوبصورت شئے یا خوبصورت چہرے کو دیکھ کر خوش ہوتا ہے تو کبھی حسد یاکسی انجانے خوف کا شکار ہوجاتا ہے۔ایسے ہی کسی انجانے خوف شکار ہوکر ممبئی کے ایک شخص نے اپنی اہلیہ کے چہرے کو کھرونچ ڈالا تاکہ شہر کے لوگوں کی بری نظر اس پر نہ پڑے۔راج رائے کوار نامی شخص پر ممبئی میں زیادتی اور مالے اسٹیشن میں 2کیس درج ہیں۔ممبئی کرائم برانچ کے افسرنے بتایا کہ راج مدھیہ پردیش کے ضلع جبل پور کا رہنے والا ہے۔ وہ بالی ووڈ میں ملازمت کرتا ہے جبکہ اس کی اہلیہ اور بچے جبل پور میں مقیم ہیں۔ اس کی شادی 12سال قبل ہوئی تھی ، وہ 2بچوں کا باپ ہے۔ اسے ڈر تھا کہ جبل پور کے لوگوں کی بُری نگاہ اس کی خوبصورت بیوی پر پڑسکتی ہے اسلئے اس نے مچھر مارنے والے اسٹیل کے اسٹینڈ سے بیوی کے چہرے پر گہرے زخم لگا دیئے۔ بیوی نے پولیس اسٹیشن میں شوہر کیخلاف رپورٹ درج کرادی۔کرائم برانچ کے افسر نے بتایا کہ راج رائے بالی ووڈ میں ڈرائیور کی ملازمت کرتا ہے۔ وہ شوٹنگ کیلئے لائے جانے والے آلات اور کیمرے لانے لے جانے کا کام کرتا ہے۔ شوٹنگ کیلئے تیار کئے جانے والے سیٹ کی ڈیزائننگ بھی کرتا ہے۔ اس کی اہلیہ پڑھی لکھی خاتون اور ایک اسکول کی ٹیچر ہے۔