جموں و کشمیر :پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کے 6افراد کا اغوا
نئی دہلی۔۔۔۔جنوبی کشمیرکے مختلف علاقوں میں عسکریت پسندوں نے گزشتہ روز ترال علاقے میں پولیس اہلکار کے گھر میں گھس کر بیٹے کواغوا کرلیا۔ گاندر بل ضلع سے پولیس اہلکار کے ایک رشتہ دار کو بری طرح زدوکوب کرنے کے بعد چھوڑ دیا۔ گزشتہ چنددنوں میں جموں و کشمیر میں متعدد سیکیورٹی افسران کواغوا کیا جاچکا ہے۔ جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں سے پولیس اہلکاروں کے رشتے داروں کواغوا کرلیا گیا۔ یہ واقعہ صلاح الدین کے دوسرے بیٹے کو این آئی اے کے ذریعہ گرفتار کئے جانے کے بعد پیش آیا ۔ پولیس نے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا تاہم اغوا کے سلسلے میں سراغ لگانے کی کوششیں شرو ع کردیں۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں ، کلگام ، اننت ناگ اور اونتی پورہ سے کم سے کم 6 افراد اغوا کئے جاچکے ہیں جن کے خاندان کے لوگ جموں و کشمیر پولیس میں تعینات ہیں۔ ان میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کا بھائی بھی شامل ہے۔