ہند،امریکہ کے مابین امیگریشن سمیت مختلف امور پرمذاکرات
نئی دہلی۔۔۔۔ ہند اورامریکہ کی وزارت خارجہ کی’ ’ٹو پلس ٹو‘‘کی میٹنگ سے قبل وزیر خارجہ سشما سوراج اور امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے آج دو طرفہ میٹنگ میں امیگریشن سمیت باہمی مفادات سے متعلق مختلف امورپربات چیت کی۔ پومپیو کا جواہر لال نہرو بھون پہنچنے پرسشماسوراج نے خیر مقدم کیا۔میٹنگ میں خارجہ سیکریٹری وجئے گوکھلے اور امریکہ میں ہندوستان کے سفیر نوتیج سرنا بھی موجود تھے۔ذرائع کے مطابق میٹنگ میں ہندوستان کی طرف سے بنیادی طور پر ایچ 1 بی ویزاسے متعلق امریکی انتظامیہ کی پالیسی اور اس پر ہندوستانی پیشہ ور افراد میں پائی جانیوالی تشویش زیر بحث آنے کا امکان ہے۔ امریکہ سے اگرچہ اشارے ملے ہیں کہ اس پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی لیکن ہندوستان چاہتا ہے کہ اس کے بارے میں اتنی وضاحت ضرور آئے کہ آگے بھی اس پالیسی کو لے کر کوئی غلط فہمی نہیں پیدا ہو۔دیگر امورو مسائل پر بھی دونوں فریقین نے تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ کے فورا ًبعد وزیر دفاع نرملا سیتا رمن اور امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کے شامل ہونے کے ساتھ ٹو پلس ٹو میٹنگ شروع ہو جائے گی۔ میٹنگ میں ہندوستان، امریکہ کے درمیان دفاعی شعبے میں اعلیٰ ٹیکنالوجی والی نئی ایجادات اور تجارت کا راستہ کھلنے، ہندکو بحرالکاہل علاقے کو شامل کرنے، محفوظ و پرامن اور سب کے لئے یکساں طورسے کھلا بنانے کے نئے روڈ میپ پر بحث ہوگی۔ ہندوستان بحر ہند ،بحرالکاہل کے علاقے کی شمولیت، محفوظ، پرامن اور سب کے لئے یکساں طور پر کھلے علاقے کے طور پر دیکھنا چاہتا ہے. اس کے علاوہ انسداد دہشت گردی کی کارروائی، توانائی کے تحفظ اور اسٹراٹیجک پارٹنرشپ پر بات چیت کا امکان ہے۔