عاطف میاں اقتصادی مشاورتی کونسل سے علیحدہ
اسلام آباد...حکومت نے اقتصادی مشاورت کونسل سے عاطف میاں کو الگ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ عاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کمیٹی سے نامزدگی واپس لے لی جائے۔ حکومت علما اور تمام معاشرتی طبقات کو ساتھ لے کر ہی آگے بڑھنا چاہتی ہے۔ اگر ایک نامزدگی سے مختلف تاثر پیدا ہوتا ہے تو یہ مناسب نہیں۔ عمران خان کا تصور ریاست مدینہ ہے۔ وزیر اعظم اور ان کی کابینہ کے اراکین عاشقان رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں۔ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔ حال ہی میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر حکومت نے جو کامیابی حاصل کی وہ بھی اسی نسبت کا اظہار ہے۔تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی ٹوئٹر پر بیان جاری کیا اور کہا کہ عاطف میاں کو اقتصادی مشاورتی کونسل سے مستعفیٰ ہونے کا کہا گیا جس پر وہ رضا مند ہوگئے ۔ عاطف میاں کے متبادل کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے احمدیہ جماعت سے تعلق رکھنے والے ماہر اقتصادیات عاطف میاں کو اقتصادی مشاورت کونسل میں شامل کیا گیا تھا جس پر بعض سیاسی جماعتوں اور سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی گئی۔