Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوپی حکومت کی قلعی کھل گئی،لکھنؤ ڈیولپمنٹ میں بدعنوانی کا ماحول

لکھنؤ۔۔۔۔ لکھنؤ ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں بدعنوانی ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے اتر پردیش کے2ارکان اسمبلی نے ریاستی  وجیلنس کمیشن سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ایٹہ ضلع کے مارہرا اسمبلی کے بی جے پی رکن اسمبلی ویریندر سنگھ لودھی اور بدایوں ضلع کے شیخ پورا حلقہ کے بی جے پی رکن اسمبلی دھرمیندر شاکیہ نے یہ خط تحریر کئے۔ دونوں نے خط میں تحریر کیا کہ مجھے اطلاع ملی ہے کہ لکھنؤڈیولپمنٹ اتھارٹی میں زبردست بدعنوانی جاری ہے جس میں نوین متل شہری منصوبہ بندی و نقشہ محکمہ کے افسر نقشہ پاس کرانے کے نام پربھاری کمیشن وصول رہے ہیں۔ایک نقشہ پاس کرانے میں 20 سے 50 لاکھ روپے تک کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید تحریرکیا کہ لکھنؤڈیولپمنٹ اتھارٹی میں کوئی بھی کام بغیر پیسہ دیئے نہیں ہوتا۔ یہاں کھلے عام بدعنوانی کا ماحول ہے۔ اس کی آپ خود خفیہ جانچ کریں۔ یہاں گزشتہ حکومت کے مقابلے میں دگنی بدعنوانی ہو رہی ہے۔رکن اسمبلی ویریندر سنگھ لودھی نے یہ بھی الزام لگایا کہ ’’شانِ اودھ‘ ‘بلڈنگ فروخت کرنے کے معاملے میں بھی ایل ڈی اے نے یوگی حکومت کو کروڑوں روپے کی دھوکہ دہی کی۔ انہوں نے کہا کہ اس کی موجودہ قیمت فروخت 500 کروڑ تھی جسے ایل ڈی اے کے افسران نے اسے 438 کروڑ روپے میں ممبئی کی کمپنی کو فروخت کرکے بھاری رقم خورد برد کی۔
مزید پڑھیں:- - - - -ہند میں ٹرانسپورٹ کیلئے 30لاکھ بسوں کی ضرورت

شیئر: