خواب کی تکمیل کیلئے 72سال کی عمر میں بستہ لیکر اسکول پہنچے
ممبئی۔۔۔۔کہتے ہیں کہ ماں کی گود بچے کی اولین درسگاہ ہوتی ہے،علم و ہنر حاصل کرنے کیلئے عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی اور خوابوں کی تکمیل کیلئے وقت نہیں دیکھا جاتا۔72سالہ مکند چاری کبھی انگریزی کی وجہ سے اپنا گریجویشن مکمل نہیں کرپائے تھے۔ آج انہوں نے دوبارہ اسکول جانے کا فیصلہ کیا تاکہ انگلش لٹریچر میں ڈگری حاصل کرنے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرسکیں۔ممبئی کے سینٹ جویئرز نائٹ اسکول میں مکند نے ازسرنو اپنی پڑھائی کا آغاز آٹھویں کلاس میں داخلہ لیکر کردیا۔ممبئی کے گرانٹ روڈ کے رہنے والے مکند سیکیورٹی گارڈ کی خدمات انجام دینے کے بعد ریٹائر ڈ ہوچکے ہیں۔ انہوں نے 1950ء کے عشرے میں مراٹھی میڈیم اسکول سے پڑھائی شروع کی تھی۔ ٹوٹی پھوٹی انگریزی میں مکند بتاتے ہیں کہ 11ویں جماعت مکمل کرنے کے بعد جنوبی ممبئی کے ایک کالج میں داخلے کیلئے گیا جہاں لٹریچر پڑھنا چاہتا تھا لیکن مجھے بتایا گیا کہ وہاں ذریعہ تعلیم انگلش ہے۔ میں انگلش پڑھنے میں دلچسپی نہیں رکھتا تھا کیونکہ انگلش کمزور تھی اور میں مراٹھی میڈیم کا طالب علم تھا۔واپس گھر آیا اور ناامید ہوکر حصول تعلیم کا ارادہ ترک کردیا اورذریعہ معاش کی تلاش میں لگ گیا۔مکند کے اساتذہ نے بتایا کہ وہ مستعدی سے اسکول آتے ہیں۔اسکول کے انچارج جیت دیوے کا کہنا ہے کہ وہ نوجوانوں کی طرح پُر جوش ہیں۔ یہاں تک کہ وہ لفٹ کی بجائے دیگر بچوںکی طرح زینے سے کلاس میں آتے ہیں۔