بریلی : بیٹے کی چاہت میں باپ نے معصوم بیٹی کو چھت سے پھینک دیا
بریلی۔۔۔۔بریلی کے سی بی گنج میں ایک بے رحم باپ نے بیٹا نہ ہونے پر اپنی ڈیڑھ سالہ بیٹی کو چھت سے نیچے پھینک دیا۔ معصوم بچی کو سنگین حالت میں ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ شکایت ملنے کے بعد پولیس نے ملزم والد کو گرفتار کرلیا ۔اطلاع کے مطابق سی بی گنج کے رہنے والے اروند کی شادی تقریباً 3 سال قبل ہوئی تھی۔ اروند کی اہلیہ کے یہاںڈیڑھ سال پہلے کاویہ نام کی بچی کی ولادت ہوئی۔ جب اروند کے گھر دوسری بچی کی پیدائش ہوئی تو وہ طیش میں آگیا اور بڑی بیٹی کاویہ کو چھت سے پھینک دیا ۔ ماں نے خون سے لت پت بیٹی کوپرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے باپ کو گرفتار کرلیا۔ذرائع نے بتایا کہ اروند اور اسکے والد ہرپال یہ چاہتے تھے کہ ان کے گھر بیٹے کی پیدائش ہو تاکہ ان کی نسل آگے بڑھ سکے لیکن اروند کی اہلیہ کے یہاں دوسری بیٹی کی ولادت پر گھر میں تنازع کھڑا ہوگیا۔ اروند کی دوسری بیٹی پیدا ہونے پر ہرپال نے اخراجات برداشت کرنے سے انکار کردیا۔اروند نے پوچھ گچھ کے دوران بتایا کہ گھر میں کہا سنی کے دوران کاویہ اس کے ہاتھ سے چھوٹ کر نیچے گر گئی۔ کاویہ کا اسپتال میں علاج جاری ہے جہاں اس کی حالت نازک ہے۔