آگرہ : جونیئر ڈاکٹروں کی ہنگامہ آرائی، ہوٹل میں توڑ پھوڑ
آگرہ۔۔۔آگرہ کے ایس این میڈیکل جونیئر ڈاکٹروں نے ہوٹل میں جم کرہنگامہ اور توڑ پھوڑ کی۔ مالک کی اطلاع پر پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور ہنگامہ برپا کرنیوالے 9ڈاکٹروں کو حراست میں لیکر حالات کنٹرول میں کیا۔اس دوران ڈاکٹروں کا گروپ پولیس اہلکاروں سے الجھ پڑااور مارپیٹ شروع کردی۔ناراض ڈاکٹروں نے معمول کی طبی خدمات کے علاوہ ایمرجنسی شعبے کی سہولتیں ٹھپ کردیں جس سے اسپتال میں زیر علاج مریضوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔پولیس کے مطابق ہنگامہ برپا کرنیوالے ڈاکٹروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ ایس این اسپتال کے جونیئرڈاکٹروں نے اپنے ساتھی ڈاکٹر کی سالگرہ تقریب کی پارٹی دہلی گیٹ میں وقع اشوکا ہوٹل میں منعقد کی تھی۔ ڈاکٹروں اور ہوٹل کے اسٹاف کے درمیان کسی بات پر کہا سنی ہوگئی جس پر انہوں نے ہوٹل کے بارمیں توڑ پھوڑ شروع کردی۔ایس این میڈیکل کالج کے ڈین اور پولیس کے اعلیٰ افسران کے درمیان میٹنگ جاری ہے تاکہ اسپتال میں مریضوں کے علاج کا کام حسب معمول انجام دیا جاسکے۔ پولیس نے ہنگامہ اور ہوٹل میں توڑ پھوڑ کرنے کے الزام میں 9ڈاکٹروں اور 40نامعلوم افراد کیخلاف رپورٹ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔