Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنسنی خیز قتل کے واقعہ نے ریاست تلنگانہ کو ہلاکر رکھ دیا

حیدرآباد۔۔۔۔ریاست تلنگانہ میں جھوٹی شان پر 23سالہ شیڈول کاسٹ عیسائی نوجوان کے قتل کے واقعہ نے لوگوں پر سکتہ طاری کردیا۔پرنے اور اس کی اہلیہ امرتا وارسنی کے 2وڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہورہے ہیں۔ پہلی وڈیو میں نوجوان جوڑا کسی فلم اسٹار کی طرح نظر آرہا ہے۔واضح ہو کہ قتل کے واقعہ سے ملتی جلتی کہانی پر مبنی بالی وڈ کی فلم ’’دھڑک ‘‘حال ہی میں ریلیز ہوئی تھی۔حیدرآباد سے 80کلو میٹر دور واقع سدی پیٹ کے قریب ہیڈن کاسٹیل کے اطراف فلمائے گئے وڈیو کو دیکھ کر اسکاٹ لینڈ کا گمان ہوتا ہے۔امرتا کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کئے جانے والے وڈیوز کو ہزاروں افراد دیکھ چکے ہیں۔دلت خاندان سے تعلق رکھنے والے پرنے کو اہلیہ سے اس قدر محبت کرتے دیکھ کر اس کے والد ٹی مورتی راؤبیحد ناراض تھے کیونکہ وہ اونچی ذات سے تعلق رکھتے ہیں۔راؤ اور اس کے دوست یہ دیکھ کر حیرت میں پڑگئے کہ پرنے کے قتل کے دوسرے وڈیو نے لوگوں کو زیادہ متوجہ کیا جس میں  14ستمبر کو کرائے کے قاتل نے اسپتال کے باہر پرنے کو قتل کردیاجب وہ پرْ امید بیوی امرتا کو علاج کیلئے اسپتال لے گیا تھا۔ باپ کی سنگدلی اور بیٹی کا درد دیکھ کر لوگ افسردہ ہوگئے۔پرنے کا جرم صرف اتنا تھا کہ اس نے اونچی ذات کی لڑکی سے پسندکی شادی کی تھی۔ وہ اسی سال جنوری میں آریہ سماج مندر میں شادی کی رسم ادا کرکے ازدواجی زندگی گزاررہے تھے۔ذرائع کے مطابق امرتا کے والد نے شوہر سے علیحدگی کیلئے 3کروڑ روپے کی پیشکش کی تھی لیکن جب کامیابی نہیں ملی توراؤنے داماد کے قتل کیلئے ایک کروڑ روپے میں کرائے کے قاتل کی مدد لی۔قتل کے واقعہ کے بعد پرنے کے دوست و اقارب نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور امرتانے حکومت سے انصاف کی اپیل کی۔پرنے کے والد نے امرتا کے اغوا اور قتل کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے انتظامیہ سے اپیل کی کہ اسے سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
مزید پڑھیں:- - - -ریاست اتراکھنڈ نے گائے کو’’راشٹرماتا‘‘قراردیدیا

شیئر: