ریاض: نواز شریف کی رہائی پر مسلم لیگ(ن) کے عہدیداروں کا اجلاس
جمعرات 20 ستمبر 2018 3:00
ریاض (ذکاء اللہ محسن ) سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی رہائی پر مسلم لیگ ن کے عہدیداروں کی جانب سے اجلاس منعقد کیا گیا جس مین ایگزیکٹو باڈی کے ارکان نے شرکت کی۔ انہوں نے رہائی کے حوالے سے خوشی کا اظہار کیا اور ایک دوسرے کو مٹھائی بھی کھلائی مسلم لیگ (ن) ریاض کے صدر ڈاکٹر سعید احمد وینس کا کہنا تھا کہ نوازشریف عوامی لیڈر ہیں انہوں نے جس جرات مندی کا مظاہرہ کیا اور ان کی بیٹی نے جس طرح آمرانہ فیصلوں کا سامنا کرکے جیل میں وقت گزارا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ اپنی قوم سے کس قدر لگاؤ اور پیار کرتے ہیں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے نے نیب کورٹ کو رسوا کردیا۔ سینیئر نائب صدر شیخ سعید احمد کا کہنا تھا کہ ہماری یہ بدقسمتی ہے کہ جب بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا ہے تو کچھ سازشی عناصر ملک کو پیچھے دھکیل دیتے ہیں۔ پاکستانی بہت خوش ہیں ۔ ہم سمجھتے ہیں کہ نوازشریف نے گزشتہ5 سال کے دوران ملک کو بہت کچھ دیا ہے اور موجودہ حکمران اسی ترقی کا جنازہ نکالنے پر تلے ہوئے ہیں۔ ہمارا لیڈر نوازشریف ہے اور سبھی ورکرز ان کو سلام پیش کرتے ہیں۔محمود باجوہ۔ڈاکٹر ریاض چوہدری۔وقار نسیم وامق۔محمد اصغر چشتی اور دیگر نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے انصاف پر مبنی فیصلہ دیا ہے مریم نواز ایک ابھرتی ہوئی سیاستدان ہیں ہم ان کا مستقبل روشن دیکھ رہے ہیں نوازشریف کی سیاست عوامی ہے جو ہمیشہ رہے گی اور وہ پاکستانی سیاست میں مزید اہم رول ادا کریں گے اور پاکستان کو درپیش مسائل سے نکالیں گے۔