شاہ محمود قریشی کی ٹرمپ سے ملاقات‘ تعلقات کی بحالی پر اتفاق
نیو یارک: پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیو یارک میں موجود ہیں جہاں ان کی صدر ٹرمپ سے غیر رسمی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات کا نئے سرے سے آغاز کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی صدر نے وزیر اعظم عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ صدر ٹرمپ سے استقبالیہ کے دوران ہونے والی ملاقات میں ان کا رویہ مثبت رہا۔ انہوں دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کا نیا آغاز کرنے کی پاکستانی خواہش سے اتفاق کرتے ہوئے مثبت ردعمل دیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے مطابق انہوں نے مائیک پومپیو سے بھی ملاقات کی جس میں امریکی ہم منصب نے وزیر اعظم عمران خان کے بارے میں خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 25 ویں غیر رسمی وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم کے رکن ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات سے علاقائی رابطے کے منصوبوں کو مزید تقویت دی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کو باہمی رابطے کی عظیم مثال قرار دیا۔ انہوں نے توانائی روابط کے لیے پاکستان کی ترجیح کو اجاگر کیا اور اس ضمن میں کاسا 1000اور تاپی منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔