نمائش سے پاکستانی کمپنیوں کیلئے نئی راہیں کھلیں گی، وزیراعظم عمران خان کا دورہ مملکت اور اقدامات سے دونوں ملکوں میں تجارت فروغ پائے گی، پاکستانی تاجر
ریاض (ذکاءاللہ محسن ) وزارت صنعت و تجارت کی جانب سے ریاض ایگزبیشن سنٹر میں فوڈز اینڈ ڈرگز میلے کا انعقاد کیا گیا جس کی افتتاحی تقریب میں وزارت صنعت وتجارت کے وزیر سلمان الراجحی، پاک سعودی چیمبر آف کامرس کے سابق صدر میاں محمود سفارت خانہ پاکستان کے کمرشل اتاشی ڈاکٹر عامر حسین اور فوڈز اینڈ ڈرگز کمپنیوں کے نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ افتتاح کے موقع وزیر صنعت و تجارت نے ہال میں لگے تمام ا سٹالز کا جائزہ لیا اور کہا کہ سعودی عرب تجارت کے فروغ کےلئے نہ صرف بہتر ماحول بلکہ کمپنیوں کو سہولیات بھی فراہم کرتا ہے فوڈز اینڈ ڈرگز کی اس نمائش سے یقینی طور پر نئی راہیں کھلیں گی اور مختلف کمپنیاں بہتر انداز کے ساتھ کاروبار کو فروغ دے پائیں گی۔ پاک سعودی جوائنٹ چمبر آف کامرس کے سابق صدر میاں محمود نے کہا کہ سعودی فوڈ اتھارٹی کی جانب سے یہ نمائش پاکستان کےلئے بڑی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ سعودی فوڈ اتھارٹی ہی پاکستانی کمپنیوں کو یہاں آنے کےلئے اجازت دیتی ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے پہلی مرتبہ پاکستان کو نمائش میں شرکت کےلئے بلایا گیا ہے۔ نمائش میں 13 مختلف پاکستانی کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔ پاکستان میں تبدیلی کے بعد نئی حکومت کے اقدامات سے بہتری آئیگی۔ جس طرح پاکستان میں سی پیک کے اہم ترین منصوبے میں چین نے اپنا نمایاں کردارادا کیا اب سعودی عرب میگا پروجیکٹ میں اپنا کردار ادا کریگا۔ اس سے جہاں تعلقات مضبوط ہونگے وہیں پر تجارتی بنیادیں بھی مستحکم ہونگی جو پاکستانی سعودی عرب میں مقیم ہیں اور جو پاکستان میں ہیں یہ دونوں مل کر اس پورے مرحلے کو کامیاب بنائیں گے۔ پاک سعودی چیمبر آف کامرس کے سینیئر نائب صدر محمد ایچ کامیلی کا کہناتھا کہ انہیں یہ دیکھ کر بیحد مسرت ہورہی ہے کہ پاکستانی کمپنیوں کے اسٹال بھی نمایاں ہیں ۔ پاکستان سے اچھی اور معیاری کمپنیوں نے شرکت کی ہے ہمیں امید ہے کہ سعودی عرب کے تاجران بھی دلچسپی لیں گے اور تجارت مزید بڑھے گی۔ معروف پاکستانی بزنس مین زاہد لطیف سندھو نے کہا کہ یہ نمائش تازہ ہوا کا جھونکا ہے اس سے کاروبار کو وسعت ملے گی۔ اب وقت ہے کہ ہم تندہی اور اچھے انداز کیساتھ اپنی پروڈکٹ کو پیش کریں اور پاکستانی فوڈز اینڈ ڈرگز میں کسی بھی ملک سے پیچھے نہیں ہیں۔ پاکستانی اشیاءکا معیار بہت اچھا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ مل کر ایسے اقدامات کرے کہ ہمارے سعودی عرب کےساتھ تجارتی بنیادو ں پر تعلقات استوارہوسکیں تاکہ تجارت کو فروغ مل سکے۔ سفارتخانہ پاکستان کے کمرشل اتاشی ڈاکٹر عامر حسین نے بھی نمائش کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ پاکستانی اشیاءکو یہاں بہتر انداز میں متعارف کرایا جائے اور اس حوالے سے سفارتخانہ پاکستان عملی اقدامات کررہا ہے۔