شاہ سلمان کے دورے سے اہل مدینہ میں خوشی کی لہر
جمعرات 27 ستمبر 2018 3:00
سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار ”البلاد“ کا اداریہ نذر قارئین ہے
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے الحرمین ایکسپریس ٹرین سے مدینہ منورہ پہنچ کر طیبہ کا دورہ شروع کردیا۔ مدینہ منورہ کے باشندوں میں شاہ سلمان کی آمد پر محبت ، الفت ، فخر وناز اور خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اہل مدینہ کی خوشی دیدنی ہے۔ انہیں یقین ہے کہ خادم حرمین شریفین کی مدینہ منورہ آمد مقدس شہر ، اس کے باشندے اور زائرین کے لئے خوشخبریوں کا سرچشمہ ثابت ہوگی۔ تمام شعبوں میں ترقیاتی و تعمیراتی منصوبوں کی شروعات بھی ہوگی اور پایہ تکمیل کو پہنچنے والے منصوبوں کے افتتاح سے ان سے استفادے کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز اس سے قبل بھی مدینہ منورہ کے کئی دورے کرچکے ہیں۔ جب بھی وہ مدینہ منورہ گئے پورے خطے کے لئے بہت سارے ترقیاتی منصوبے دیکر گئے۔ مسجد نبوی شریف کے زائرین کے آرام و راحت کیلئے بہت ساری خدمات فراہم کرتے رہے۔ مدینہ منورہ اور اس کے باشندوں کے جذبات کا بجا طور پر اظہار گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے یہ کہہ کر کیا کہ ہمارے یہاں ترقیاتی و تعمیراتی کارنامے اور مختلف خدمات روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔ یہ سارے منصوبے یہ سارے کارنامے یہ بتا رہے ہیں کہ ہماری قیادت مدینہ منورہ ، اسکے باشندوں اور مسجد نبوی شریف کے زائرین سے کیسا اورکتنا تعلق رکھتی ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭