Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں مقیم انڈین انجینیئرز وژن 2030 کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کریں ، احمد جاوید

ہندوستانی سفارتخانہ ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے ہم وطنوں کی خدمت کیلئے مستعد ہے ،   انڈین  انجینیئرزکے 20 ویں یوم تاسیس کی تقریب سے سفیر ہند کا خطاب
کے این واصف ۔ ریاض
    انڈین انجینیئرز فورم سعودی عرب  نے اپنے قیام کی 20ویں سالگرہ اور ’’انجینیئرز ڈے‘‘ کی تقریب شاندار پیمانے پر منائی۔ سیون اسٹار ہوٹل میں منعقدہ اس تقریب میں سفیر ہند احمد جاوید نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ محفل کا آغاز انجینیئر زوہیب احمد کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ انجینیئر ثاقب خان نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ ہندوستانی انجینیئر سعودی عرب میں کام کرنے والے جملہ انجینیئرز کی تعداد کا 12فیصد ہیں جنہوں نے مملکت کے تعمیراتی پروجیکٹس پر اہم ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔ اس تقریب میں مملکت کے تمام شہروں میں قائم فورم کی شاخو ںکے اراکین نے شرکت کی۔ فورم کے بانی و چیئرمین عامر خان نے فورم کی 2 دہائیوں کے سفر پر روشنی ڈالی اور اُن اراکین کا خصوصی طور پر ذکر کیا جنہوں نے فورم کیلئے اپنی گرانقدر خدمات پیش کیں۔ انہوں نے چند ایک کے نام بھی لئے جن میں انجینیئر ناصر انصاری، انجینیئر فیصل زین الدین اور انجینیئر فیصل سلیم شامل تھے۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے سفیر ہند احمد جاوید نے کہا کہ قابل ستائش ہیں انڈین انجینیئرز جنہوں نے ایک غیر ملک میں  رہتے ہوئے بھی اپنا ایک فورم قائم کیا اور   اپنی ملازمت کی مصروفیت سے وقت نکال کر اپنی انجینیئرز برادری کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے فورم کو مشورہ دیا کہ وہ وژن 2030 پروگرام سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے اس کے تحت آنے والے پروگرام اور پروجیکٹ سے انڈین انجینیئرز کیلئے پیدا ہونے والے مواقع سے فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ احمد جاوید نے فورم کے مستقبل  کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے سعودی کونسل آف انجینیئرز سے خواہش کی کہ وہ انڈین انجینیئرز فورم کیساتھ اپنے تعاون کے سلسلے کو اسی طرح جاری رکھیں۔
     ابتداء میں سفیر ہند احمد جاوید نے فورم  کے میگزین ’’spectrum‘‘ کی رسم اجراء انجام دی اور اس میگزین میں شائع معلوماتی مواد کی ستائش کی۔ سفیر ہند نے حالیہ عرصے میں منعقدہ ثقافتی میلے ’’جنادریہ‘‘ میں ہندوستان کی کامیاب نمائندگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی سفارتخانہ 24x7 کی بنیاد پر ہندوستانی باشندوں کی مد د اور تعاون کیلئے تیار رہتا ہے۔ سفیر ہند نے کیک کاٹ کر فورم کی 20ویں سالگرہ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر فورم  کے اراکین کو انکی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں یادگاری مومنٹوز پیش کئے گئے۔ یہ اعزاز حاصل کرنے والوں میں انجینیئر ندیم ترین، نجینیئر بی ایس خان، انجینیئر فرحان ہاشمی، انجینیئر ندیم علی، انجینیئر اویس احمد، انجینیئر  امیتابھ سکسینہ اور انجینیئر محمد سعید الدین شامل تھے۔ اس تقریب میں سعودی کونسل آف انجینیئرز کے عہدیدار عبداللطیف الحرکان، معروف ہندوستانی انجینیئر محمد مبین، سعید محی الدین کے علاوہ ڈاکٹر دلشاد احمد اور ڈاکٹر شوکت پرویز بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں:- - - -دبئی میں مسلم لیگ ن کی طرف سے اظہار تشکر تقریب
رائے دیں، تبصرہ کریں

شیئر: