مہاتما گاندھی کے 150ویں یوم پیدائش پرصدر جمہوریہ،وزیر اعظم اور راہول کا خراج عقیدت
نئی دہلی۔۔۔۔۔ صدرجمہوریہ رام ناتھ كووند، وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس صدر راہول گاندھی نے منگل کو مہاتما گاندھی کے 150 ویں یوم پیدائش پرراج گھاٹ پہنچ کرانہیں خراج عقید پیش کیا۔صدر كووندنے ٹویٹر پر تحریرکیا کہ گاندھی جی کی زندگی امن، بھائی چارہ اور ہم آہنگی کےاصولوں کیلئے وقف تھی۔ مہاتما گاندھی کی تعلیمات پوری انسانیت کے لئے آج بھی موزوں ہیں۔وزیر اعظم مودی نے ٹویٹر پر تحریر کیا کہ محترم باپو کے 150 ویں یوم پیدائش پر متحد ہوکر ان کے خوابوں کو تعبیر دینے کا بہت اچھا موقع ہے۔انهوں نے اس موقع پر باپو اور ان کے اصولوں پر مبنی اپنا ایک مضمون بھی شیئر کیا۔کانگریس صدرراہول گاندھی نے اس موقع پرٹویٹ کیاکہ گاندھی جی محض ایک مورتی نہیں،ان کے خیالات و نظریات اور اقداروسیع تر ہیں، سچائی اور عدم تشدد، جس کے لئے وہ جیتے رہے اور جس کی وجہ سے انہیں قتل کر دیا گیا، ہمارے ملک کی بنیاد ہیں۔ سچے محب وطن کو ان کی حفاظت ضرور کرنی چاہئے۔