مرکز پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 10 روپے فی لٹر کم کرے ،کیجریوال
نئی دہلی۔۔۔۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے مرکز کی مودی حکومت پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے بارے میں ملک کے عوام کو دھوکہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کی قیمتوں میں کم از کم 10 روپے فی لٹر کی کمی کی جانی چاہئے۔مرکزی حکومت کی طرف سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ڈھائی روپے فی لٹر کی کمی کے اعلان کے فوراً بعد کیجریوال نے ٹویٹر پر تحریر کیا کہ مودی حکومت نے ایکسائزڈیوٹی میں 10 روپے فی لٹر کا اضافہ کیا اور آج کی قیمتوں میں محض 2 روپے50 پیسے فی لٹر کمی کی گئی، یہ دھوکہ دہی ہے۔ انہوں نے مودی حکومت پر پٹرول پر ایکسائز9.48روپے فی لٹر سے بڑھا کر19.48فی لٹر کرنے کا الزام لگایا۔انہوں نے گزشتہ ماہ ٹویٹ کیا تھا کہ عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ہندوستان میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔