سعودی اشتہار مارکیٹنگ کا حجم 2ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا
ریاض۔۔۔۔سعودی عرب میں اشتہارات کی مارکیٹ کا حجم 2ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا۔ ٹرانسپورٹ کے وسائل میں تنوع ، اقتصادی سرگرمیوں میں غیر معمولی اضافے اور عظیم الشان منصوبوں کے نفاذ کے باعث آئندہ مرحلے میں اشتہارات کا حجم مزید بڑھے گا۔ اشتہارات اور مارکیٹنگ کے ماہر اسکالر ڈاکٹرعبیدالعبدلی نے بتایا کہ سعودی عرب اشتہارات کی بیشتر کمپنیوں کیلئے انتہائی پرکشش بڑی مارکیٹ ہے۔یہ کمپنیاں ہمارے یہاں مارکیٹ پر چھائی ہوئی ہیں۔ یہی اشتہارات کو کنٹرول کررہی ہیں۔ سعودی عرب کے بڑے بڑے ادارے اشتہارات کی عالمی کمپنیوں سے ہی معاملات کو ترجیح دے رہے ہیں۔ العبدلی نے کہا کہ یہ درست ہے کہ اشتہارات کی عالمی کمپنیاں مارکیٹ پر چھائی ہوئی ہیں تاہم کئی پہلو ایسے ہیں جن کی وجہ سے یہ سعودی عوام کے دلوں میں گھر کر نہیں پار ہیں۔ یہ مارکیٹنگ کی زبان میں مہارت سے قاصر ہیں۔ زیادہ تر غیر ملکیوں پر انحصار کررہی ہیں۔