پاکستان رائٹرز فورم کے تحت روہنگی مسلمانوں کے مسائل پر تقریب
میڈیا سے وابستہ افراد کے علاوہ مختلف مکاتب فکر اور رہنگی مسلمانوں کے نمائندوں نے شرکت کی
زمرد خان سیفی۔ جدہ
جدہ کے مقامی ریستوران میں پاکستان رائٹرز فورم نے ایک بامقصد تقریب ’’ روہنگیا کے مسلمانوں کے مسائل اور میڈیا کی اہمیت ‘‘ کے عنوان سے تقریب منعقد کی جس میں میڈیا سے وابستہ تنظیموں اور نمائندوں کے علاوہ دیگر مکاتبِ فکر کے ارکان اور خصوصاً روہنگیا مسلمانوں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔
پاکستان جرنلسٹ فورم کے چیئرمین امیر محمد خان کی صدارت اورپاکستان رائٹرز فورم جدہ کے چیئرمین انجینئر نیاز احمد کی سرپرستی میں منعقد ہونے والی تقریب میں مقیم نامور عالم دین مولانا حبیب الرحمن ،روہنگیا مسلمانوں کے نمائندہ نورالامین ، محمد جمیل راٹھور ، محمد امانت اللہ ، مسرت خلیل ، شمس الدین الطاف اور ناظمِ تقریب تو قیر احمد نے موضوع کی مناسبت سے اظہارِ خیال کیا۔تلاوتِ کلامِ پاک قاری محمد آصف نے پیش کیا۔نوجوان طالب علم نعت خواں احمد بن زبیر نے نعتِ رسولِ مقبول پیش کی۔
ناظمِ تقریب توقیر احمد نے پاکستان رائٹرز فورم جدہ کا تعارف پیش کیا اورروہنگیا کے مسلمانوں کے مسائل اور میڈیا کی اہمیت کے حوالے سے اظہارِ خیال کیا۔
مولانا حبیب الرحمن نے کہا کہ اراکان ایک اسلامی ریاست ہے اور وہاں کے روہنگیا مسلمان برمی حکومت کے ظلم وستم اور بربریت کا نشانہ بنے ہوئے ہیں ۔
زمرد خان سیفی نے منظوم کلام پیش کیا ۔پاکستان جرنلس فورم جدہ کے محمد جمیل راٹھور نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کی طرح روہنگیا مسلمانوں کا مسئلہ بھی یکجہتی کے فقدان کے سبب تاخیر کا شکار۔محمد امانت اللہ نے کہا کہ جہاں جہاں سے انگیریز گئے ہیں، وہ مسائل چھوڑ کر گئے ہیں۔ سید مسرت خلیل نے کہا کہ حدیث مبارک میں ارشاد ہے کہ بہترین شخص وہ ہے جو دوسروں کا خیال کرے۔ شمس الدین الطاف نے کہا کہ برما کی حکومت دنیا کے بہت بڑی دہشت گردی کر رہی ہے۔تقریب کے صدر امیرمحمد خان نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ ہر طرح کی زیادیتوں اور قتل و غارت کی ہر جگہ مذمت کی جارہی ہے۔ چیئرمین انجینئر نیاز احمد نے فورم کے اراکان ، پاکستان جرنلسٹ فورم ، روہنگیا مسلمانوں کے نمائندہ افراد اور حاضرینِ مجلس کا شکریہ ادا کیا۔