روپے کی قدر مزید نیچے‘ ڈالر 136 سے بھی متجاوز
کراچی: اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے جس کے بعد روپے کی قدر مزید کم ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 136 روپے سے بھی تجاوز کر گئی جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ چکی ہے۔ حکومت کی جانب سے گزشتہ روز آئی ایم ایف سے قرضہ لینے کے فیصلے کے بعد انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 11.75 پیسے کا اضافہ ہوگیا جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 136.75 روپے ہو گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق ڈالر کی قدر بڑھنے کی وجہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی متوقع شرائط پر مزید ڈی ویلیو ایشن ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے لیے وزیراعظم نے مذاکرات کی منظوری دے دی ہے ۔